ملتان(سٹاف رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے لیہ میں کیٹل مارکیٹ کے لئے زمین کے حصول کی کارروائی پرعمل درآمد روکتے ہوئے 26 جون کو حکام سے جواب طلب کرلیاہے ،فاضل عدالت میں لیہ کے عامررضاخان نےدرخواست دائر کی تھی جس میں کمشنرڈی جی خان،ڈسٹرکٹ کلکٹرلیہ،سیکرٹری کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمیٹی،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیوڈی جی خان،لینڈایکوزیشن کلکٹرلیہ،چیئرمین ٹاؤن کمیٹی چوک اعظم اوررجسٹرارسکیورٹی ایکسچینج کمیشن پاکستان دفترملتان کو فریق بنایاگیا ہے،درخواست میں مؤقف اختیارکیا گیاہےکہ درخواست گذارکاخاندان ٹاؤن کمیٹی کی حدودمیں زمین کا مالک ہے اوران کی زمین پر مختلف رہائشی سکیمیں بھی جاری ہیں اوراسی وجہ سے اس کی مالیت میں بھی کئی گنااضافہ ہوچکاہے تاہم اب لینڈایکوزیشن کلکٹر کی جانب سے 21 جنوری کو کیٹل مارکیٹ کے قیام کے لئے چک 336 اور339 میں زمین لینے کانوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جو غیر قانونی ہے کیونکہ نوٹیفکیشن کےاجراءسے قبل اعتراضات طلب نہیں کئےگئے جوقانون کے تحت ضروری ہے جبکہ مذکورہ اتھارٹی کوصرف نوٹیفکیشن کا ڈرافٹ تیارکرنے کااختیارحاصل ہے اور نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاجاسکتاہے اس لئے مذکورہ نوٹیفکیشن منسوخ کرنے کا حکم دیاجائے ۔