راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر سجاد اکبر عباسی اور دیگر وکلاء نے کرکٹ میچز کے نام پر سٹیڈیم روڈ کی بندش اور انتظامیہ کی طرف سے بدانتظامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کرکٹ میچز کے مخالف نہیں مگر میچز کی آڑ میں جو سلوک شہریوں سے روا جا رہا ہے وہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے نام پر سڑک کی بندش اور گاڑیوں کو گلی محلوں میں دھکیلے جانے سے علاقے کا نظام درہم برہم ہوچکا ہے، لوگوں کے کاروبار ٹھپ اور سکول آنے جانے والے بچوں سمیت خواتین کو جس ذہنی اذیت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہ قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ صدر بار نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے روش نہ بدلی تو احتجاج کریں گے۔