سکھر (بیورو رپورٹ) پرانا سکھر کے علاقے نصرت کالونی کے رہائشی بارہ سالہ لڑکے فرخ انصاری کی گمشدگی کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے قتل میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کا عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ لیا جائے گا، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے بتایا کہ سفاک قاتلوں نے 12سالہ لڑکے فرخ انصاری کو قتل کرنے کے بعد لاش کو پیٹرول چھڑک کر روہڑی کے قریب پہاڑوں کے پیچھے آگ لگادی ، پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا، 14اپریل کی شام نصرت کالونی کے رہائشی بارہ سالہ لڑکے فرخ انصاری کی گمشدگی کے حوالے سے تھانہ سی سیکشن میں رپورٹ درج کرائی گئی تھی جس پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ، پولیس نے لڑکے کی گمشدگی کے حوالے سے تحقیقات شروع کیں تو پولیس کو خفیہ اطلاع ملیں کہ لاپتہ ہونے والے لڑکے فرخ انصاری کو آخری وقت محلے کے ایک لڑکے کاشف انصاری کے ساتھ دیکھا گیا ہے جس پر پولیس نے ملزم کاشف انصاری کو حراست میں لیا تو دوران تفتیش پولیس کو بتایا کہ فرخ انصاری کو مجھ سمیت چار ملزمان نے روہڑی کے قریب پہاڑوں کے پیچھے لے جا کر قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کو پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی ہے جس پر پولیس نے مقتول فرخ انصاری کی لاش تحویل میں لے کر سول اسپتال پہنچائی جہاں سے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی، ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے بتایا کہ لڑکے کی گمشدگی کے بعد پولیس کے لئے یہ ایک مشکل کیس تھا کیونکہ بظاہر لڑکا لاپتہ ہوا تھا اور سب کچھ اندھیرے میں دکھائی دے رہا تھا تاہم جن پولیس افسران اور اہلکاروں پر ٹیم تشکیل دی گئی انہوں نے اپنے بہترین پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کو یقینی بناتے ہوئے 24گھنٹے میں لڑکے کی گمشدگی کا معمہ حل کرلیا اور قتل میں ملوث دوملزمان کوبھی گرفتار کرلیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ چاروں ملزمان کی عمریں بھی 20 سے 22 سال کے درمیان ہیں، جاں بحق ہونے والے لڑکے کے والدزاہد انصاری کی مدعیت میں تھانہ سی سیکشن میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور پولیس نے چاروں ملزمان کاشف اور واجد انصاری ، وقار اور شاہ رخ انصاری کو کو گرفتار کر لیا ہے جنہیں عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ سیاسی، سماجی، مذہبی اور عوامی حلقوں کی جانب سے پولیس کی کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ قاتلوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندان کو مکمل انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
.