راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ ریونیو برانچ کےجاری سروے کے بعد آئندہ مالی سال کے لئے پراپرٹی ٹیکس کی ڈیمانڈ 56کروڑ روپے کے مقابلے میں 70کروڑ روپے سے بھی بڑھ جانے کا امکان ہے ، ذرائع کے مطابق ماضی میں کمرشل جائیدادوں میں مالکان اور عملہ کی مبینہ ملی بھگت کے باعث بعض یونٹس پر فارمولا کے برعکس کم پراپرٹی ٹیکس لگائے جانے کی وجہ سے ادارے کو مالی طور پر سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جا رہا تھا جس پر موجودہ ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر صائمہ شاہ کی ہدایت پر اب ایسی جائیدادوں کی اسیسمنٹ کو درست کیا جا رہا ہے اور ان پر صحیح فارمولا کے مطابق ٹیکس لگایا جا رہا ہے ، صدر ایریاز کے پراپرٹی ٹیکس سروے کے بعد دیگر ایریاز کا سروے کیا جائے گا تاکہ بغیر اسیس یونٹس کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا جاسکے اور جہاں پر غلط پراپرٹی ٹیکس لگایا گیا ہے اس کو بھی درست کیا جاسکے، واضح رہے کہ پراپرٹی ٹیکس کے ایک ارب روپے کے بقایا جات ہیں ،1999ء کی اسیسمنٹ پر بہت سے لوگوں کو اعتراض تھا کہ ان پر زیادہ ٹیکس لگا دیا گیا جس کے بعد نے انہوں نے ٹیکس ہی جمع نہیں کروایا جو اس قدر بڑھ چکا ہے کہ ٹیکس دہندگان کیلئے بھی اس کی ادائیگی ناممکن ہوتی جا رہی ہے ۔