دی ہیگ(راجہ فاروق)پاکستان ہائوس دی ہیگ کی ذیلی ایکسٹینشن ہال میں پاکستانی سماجی تنظیموں کے نمائندوں کا سہ ماہی اجلاس سفیر پاکستان معظم احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں حافظ منیب احمد نوشاہی نے چارسدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کرائی۔ سفیر پاکستان معظم احمد خان نے کمیونٹی نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس المناک واقعہ پر گہرے غم کا اظہار کیا۔اس موقع پر قرارداد مذمت بھی پاس کی گئی۔ شرکا کا کہنا تھا کہ چارسدہ یونیورسٹی میں دہشت گردی کا حملہ ساری انسانیت پر حملے کے برابر ہے۔ یہ درندہ نفس شیطان کب تک ہمارے بچوں کا مستقبل تاریک کرتے رہیں گے۔ ہم نہ صرف اس دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں بلکہ ان کو صفحہ ہستی سے مٹا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سہ ماہی اجلاس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسروں کے علاوہ تمام پاکستانی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ سہ ماہی معمول کے مطابق تھی جو سفارت خانہ پاکستان ہالینڈ میں بسنے والے پاکستانیوں کے سفارت خانہ پاکستان دی ہیگ سے متعلقہ مسائل اور حکومت پاکستان سے متعلقہ مسائل اور ہالینڈ میں پاکستان کے امیج کو مزید بہتر کرنے کے لیے سفارت خانہ پاکستان اور پاک ڈچ کمیونٹی کی مشترکہ کاوشوں کے جائزہ لینے کے لیے منعقد کی جاتی ہے۔ یہ گزشتہ7سالوں سے جاری ہے۔ اس موقع پر کمیونٹی نمائندگان نے سفیر پاکستان معظم احمد خان کی توجہ نادرا کی اوریجن کارڈ اور نیکوپ کے حصول کے لیے فیسوں کے بے تحاشہ اضافے سالانہ پاکستان میلہ کے علاوہ پاک ڈچ کمیونٹی کے لیے سالانہ کھیلوں کے مقابلے اور دیگر تجاویز زیر بحث لائی گئیں بالخصوص ہالینڈ میں پاکستانیوں کی نئی نسل کو پاکستان کے ساتھ راغب کرنے اور اپنے پاکستانی کلچرل سے آگہی انہیں وطن عزیز پاکستان کے ساتھ رشتہ مضبوط رکھنے کے لیے غور و خوض کیا گیا اور بہت ساری تجاویز زیر غور آئیں۔