لندن/دبئی(صباح نیوز)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ پاکستان میںمثبت تبدیلی کے لئے تیسری پارٹی کو آناہوگا، تبدیلی نہیں آئی تون لیگ اور پی پی ہی اقتدار میں آئیں گے۔ملک میں ایک مرتبہ پھر 2008جیسی صورتحال پیدا ہوگی۔امریکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی کیلئے تیسری پارٹی کو آنا ہوگا۔کوئی پارٹی نہیں آئی تو ملک میں 2008جیسی صورتحال پیدا ہوگی۔مقبوضہ کشمیر سے متعلق سوال پر پرویز مشرف نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں نوجوان حریت کی تحریک کی قیادت کررہے ہیں۔ بھارت کی پالیسی کشمیریوں کی جدوجہد کو کچلنا اور پاکستان کو اسٹریٹجک طور پر کمزور کرنا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو پاکستان سے جارحانہ رویہ بدلنا ہوگا۔ مقبوضہ کشمیر سے متعلق امریکی ثالثی کے سوال پر پرویز مشرف نے کہا کہ کشمیر تنازعے میں امریکہ کو مداخلت کرنا چاہئے ۔ پرویز مشرف نے کہا کہ بھارت افغانستان میں مداخلت کر رہا ہے۔ مسلمان ممالک کے فوجی اتحاد پر سابق جنرل نے کہا کہ اسلامی ممالک کا فوجی اتحاد فرقہ واریت سے بالاتر ہونا چاہئے ۔ پاکستان امریکی صدرکو اپنے موقف سے آگاہ کرے اور خطے کی صورتحال سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کو اعتماد میں لے۔