• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتعال انگیز تقریر کے ایک اور مقدمے میں الطاف حسین و دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) اشتعال انگیز تقریر کے ایک اور مقدمے میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج فرمان علی کناسرو نے اشتعال انگیز تقریر کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین، دیگر رہنمائوں وسیم اختر، قمر منصور(ممبر رابطہ کمیٹی)،ریحان ہاشمی(سابق سیکٹر انچارج نارتھ ناظم آباد)، ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، رشید گوڈیل، اسلم ممتاز(ممبر ایلڈر ونگ)، حلیب ہاشمی(انچارج ایلڈر ونگ)،ضمیر الحق(جوائنٹ انچارج سینٹر کمیٹی)، کیف الوریٰ(انچارج رابطہ کمیٹی)، محمد عارف ایڈووکیٹ (ممبر رابطہ کمیٹی)،کاظم رضا(لیبر ڈویژن ونگ)، کامران احمد(مرکزی کوآرڈینیٹر)، کامران عثمانی(ممبر لیبر ونگ)،جمال احمد، وسیم قریشی(سابق سیکٹر ممبر نارتھ)، خواجہ اظہار الحسن، رئوف صدیقی ودیگر 260نامعلوم خواتین وحضرات کے 26جنوری کے لیے ناقابل وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ مذکورہ مفرور ملزمان کو گرفتار کرکے 26جنوری کو پیش کیا جائے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ گڈاپ سٹی، ملیر میں ملکی سلامتی کے خلاف تقریر کرنے ،ٹیلیگراف ایکٹ ،سہولت کاری کے الزام سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔
تازہ ترین