مردان(نمائندہ جنگ) سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کل پیر کو ریلوے گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے جلسے کے لئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ضلع کے 8 صوبائی حلقوں سے کارکن گاڑیوں کی جلوس کی شکل میں شرکت کریں گے ،جلسے سے مردان کی سیاسی فضا تبدیل ہوجائے گی اس حوالے سے پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اور پی پی کے مرکزی رہنما خواجہ محمد خان ہوتی ،سینیٹر حاجی خان زادہ خان ،جنرل سیکرٹری اورنگ زیب خان ،اکرام اللہ شاہد،نیازعلی یوسفزئی ،عقیلہ سنبل بختاور خان اوردیگررہنماؤں نے کہاکہ آصف علی زرداری کے دورہ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں مردان کے ریلوے سٹیشن گراؤنڈ میں پنڈال تیار کرلیاگیاہے جس میں ہزاروں کرسیاں لگادی گئی ہیں خواتین ونگ ،پیپلز یوتھ ونگ ،پی ایس ایف ،پیپلز لیبر ونگ سمیت دیگر ونگ کے الگ الگ دستے بھی شریک ہوں گے جلسہ گاہ میں میڈیا کے لئے الگ گیلری بنادی گئی ہے جبکہ خواتین کے لئے پنڈال میں الگ جگہ مخصوص کیاگیاہے انہوں نے کہاکہ کارکن تمام صوبائی حلقوں سے الگ الگ گاڑیوں کے قافلوں میں جلسہ گاہ میں داخل ہوں گے خواجہ محمد خان ہوتی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے خاتمے کے خواب دیکھنے والوں کو 24اپریل کو پی پی کی قوت کا اندازہ ہوجائے گا پیپلزپارٹی غریبوں کی پارٹی ہے اقتدار میں آکر دوبارہ ورکروں کو روزگار دیں گے اوران کے عزت نفس بحال کریں گے انہوںنے کہاکہ پانامہ فیصلے سے ثابت ہوگیاہے کہ ایک بار پھر پنجاب کو رعایت دی گئی ہے حالانکہ بھٹو کیس کا فیصلہ بھی ایسا ہی تھا جس پر عمل درآمد کیاگیا لیکن آج وزیراعظم کو بچایاجارہاہے انہوںنے وزیرداخلہ چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دوسرے پر انگلیاں اٹھانے سے قبل مسلم لیگ کو اپنی گریبان میں جھانکنا چاہیے۔