گوجرانوالہ،گجرات ،مریدکے ،پنڈی بھٹیاں،سرا ئے عا لمگیر ،کامونکی،جالپوربھٹیاں،لالہ موسی،گکھڑ منڈی(نمائندگان جنگ،نامہ نگاران) گوجرانوالہ، گجرات ،مریدکے ،پنڈی بھٹیاں،سرا ئے عا لمگیر ،کامونکی،جالپوربھٹیاں،لالہ موسی،گکھڑ منڈیم میں بارش ہوئی جس موسم خوشگوارہوگیا۔گوجرانوالہ میں گزشتہ شب تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے کے ساتھ جاری رہا، ہلکی رم جھم اور موسلا دھار بارش کے باعث جہاں موسم سہانا ہوگیا وہیں گرمی کی شدت میں بھی نمایاں کمی آئی ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید دو روز بارشوں کی پشین گوئی کے بعد شہریوں نے پارکوں اور پکنک پوائنٹس کا رخ کر لیا ۔گزشتہ رات تیز آندھی اور بارش سے متعدد قد آور سائن بورڈ اوردرخت زمین بوس ہو گئے مختلف سڑکوں پر پھسلن ہو گئی جس سے کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑک سے نیچے گر گئیں گاڑیوں کے الٹنےسے متعددمسافر زخمی ہو گئے۔ گزشتہ رات تیز بارش اور آندھی سے گندم کی تیار فصل زمین بوس ہو گئی اور اسکے سٹوں پرسے گندم علیحدہ ہوکر زمین پر بکھر گئی جس سے کسان سخت پریشان ہو گئے ۔ پنڈی بھٹیاں گردونواح میں گرج چمک کے بوندا باندی کا سلسلہ دن بھر وقفہ وقفہ کے ساتھ جاری رہا اور گرم موسم اچانک خوش گوار ہوگیا اور دن بھر گہرے بادل آسمان پر چھائے رہے تاہم زمیندار اور کاشتکاردعا کرتے رہے بارش نہ ہو۔مریدکے اور گردونواح میں آندھی اورتیز بارش ہوئی۔ آسمانی بجلی گرنے سے سلامت جھلس گیا۔ جبکہ لاکھوں روپے مالیت کی گندم بھی جل گئی۔ آہنی جنگلے بورڈ گرنے سے 4افراد زخمی ہوگئے بجلی کا نظام 8گھنٹے معطل رہا۔سرا ئے عا لمگیر اور اسکے گردو نواح میں آندھی سے بڑے بڑے بورڈز ، درخت گر گئے اور گرج چمک کیساتھ بارش ہو ئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا البتہ گندم کی کٹائی کا عمل معطل ہو نے سے کسانوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ۔ جلالپوربھٹیاں اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ پہلی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔کامونکی میں گزشتہ روز وقفہ وقفہ سے ہلکی بارش ہوئی جبکہ دیہات میں موسلادھار بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔سارا دن لوگ پکو ڑے اور دیگر پکوان کھا کر لطف اندوز ہوتے رہے۔ لالہ موسیٰ میں وقفہ وقفہ سے ہونے والی رم جھم اورگرج چمک سے موسم دن بھر خوشگوار رہا ۔گکھڑ منڈی میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی اورموسم خوشگوارہوگیا تاہم گندم کےکاشتکار بارش ہونے سے پریشان حال ہیں کیونکہ گندم کی پکی فصل خراب ہونے کااندیشہ ہے ۔ گجرات میں دوسرے روز بارش کا سلسلہ جاری رہنے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہر اور گردونواح میں دوسرے روز بھی گہرے بادل چھائے رہے اور سارا دن ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں ۔