سانگھڑ+ ٹھٹھہ (نامہ نگاران ) ضلع سانگھڑ میں خانہ ومردم شماری کا آغاز 25 اپریل سے ہوگا جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ضلع کے چھ تعلقوں سانگھڑ، سنجھورو ،کھپرو، شہدادپور ،ٹنڈو آدم اور جام نواز علی میں مجموعی طور سے ایک ہزار ایک سو بلاکس 32 چارج اور ایک سو 74 سرکل قائم کیے گیے ہیں جہاں آٹھ سو 87 سرکاری اہلکار مردم و خانہ شماری کا کام سر انجام دیں گے جنہیں مکمل تربیت فراہم کی گئی ہے ایک ماہ پر محیط اس سارے عمل کی سیکورٹی کی ذمہ داری پاک فوج اور پولیس کی ہوگی جس کے لیے پولیس کے گیارہ سو اہلکار اورفوج کے ایک ہزار جوان خدمات انجام دیں گے۔ شمار کنندہ کے ہمراہ ایک سے دو پولیس اہلکار اور ایک فوجی جوان ہوگا مردم و خانہ شماری کےلیے ضلعی فوکل پرسن و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سردار ریاض احمد لغاری نے بتایا ہے کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو اس مرتبہ دور کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء ٹھٹھہ سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ شماریات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 25 اپریل سے شروع ہونے والی چھٹی مردم و خانہ شماری کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ عملے کو مٹیریل کی باضابطہ فراہمی بھی شروع کردی گئی۔ محکمہ شماریات کی جانب سے مردم شماری کے حوالے سے ضلع ٹھٹھہ کو 6 دیہی اور 7 شہری سمیت کل 13 چارج سرکلز اور 729 دیہی بلاکس اور 182 شہری بلاکس سمیت کل 911 بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے، مردم شماری کے لیے 457 افراد کا عملہ مقرر کیا گیا ہے۔