• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مونٹے کارلوماسٹرز ٹینس، نڈال ریکارڈ 10 ویں بار چیمپئن بن گئے

موناکو) جنگ نیوز ( اسپینش اسٹار رافیل نڈال نے مونٹے کارلو ماسٹرز ٹائٹل نام کرلیا۔ وہ ریکارڈ 10 ویں بار یہاں چیمپئن بننے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک ہم وطن البرٹ راموس کو صرف 66 منٹ میں ڈھیر کردیا۔ البرٹ کے پاس نڈال کی مہارت اور پاور کا کوئی جواب نہ تھا، وہ پہلا سیٹ 1-6 سے اور دوسرا 3-6 سے ہار گئے۔ نڈال نے مجموعی طور پر 29 واں ماسٹرز ایونٹ اور کیریئر کا 70 واں ٹائٹل جیتا ہے۔ وہ مونٹے کارلو ٹائٹل 2010 کے بعد پہلی بار حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ اب نڈال کی نظریں سال کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن پر لگی ہوئی ہیں۔ وہ نو مرتبہ فرنچ اوپن چیمپئن بن چکے ہیں اور پیرس میں بھی دسویں بار کامیابی کے ساتھ نئے ریکارڈ کی امید کررہے ہیں۔ نڈال کی موجودہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں عالمی نمبر ایک اینڈی مرے اور نمبر دو نوواک جوکووچ کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا جارہا ہے۔ میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایک ہی ٹورنامنٹ دس بار جیتنے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا، میں جب 2003 میں یہاں آیا تھا تو کوالیفائنگ رائونڈز سے گذر کر تیسرے مرحلے تک پہنچا تھا، اس کے بعد کا سفر شاندار رہا ہے۔ دریں اثنا بھارت کے روہن بوپننا اور ان کے جوڑی دار یوروگوائے کے پابلو کیواس نے ڈبلز میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے فلیسیانو لوپیز اور مارک لوپیز کی ہسپانوی جوڑی کو ایک گھنٹے 14 منٹ میں 6-3، 3-6، 10-4 سے شکست دی۔
تازہ ترین