• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد ودیگر شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری

اسلام آباد/لاہور (نمائندگان جنگ)لاہور، راولپنڈی اسلام آباد ،مری اور گردونواح سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔ شدیدبارشوں سےکامونکی میں چھت گرگئی جس کے باعث ایک ہی خاندان کے 4افرادجاں بحق ہوگئےتفصیلات کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد ،مری اور گردونواح میں اتوار کی شام رات آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، اس دوران بعض مقامات پر موسلام دھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا،محکمہ موسمیات نے آئندہ 24گھنٹوں کے دوران  لاہور، راولپنڈی اسلام آباد،  خیبر پختونخوا ، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان ،کوئٹہ ، ژوب، سبی، نصیر آباد ڈویژن میں تیز ہوائوں،آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 45 اسلام آباد ، لاہور ، کراچی میں 35پشاور 30اور مری میں 19ڈگری سنٹی گریڈ رہا، جڑواں شہروں میں سورج آج 6بجکر 49منٹ پر غروب کل صبح 5بجکر 27منٹ پر طلوع ہو گا۔کامونکی میں تین روز قبل سلامت پورہ کے عاشق مسیح کی بیٹی راولپنڈی سے اپنے بچوں کے ہمراہ آئی ہوئی تھی کہ رات ایک بجے عاشق مسیح اپنی 65 سالہ بیوی نذیراں بی بی،28 سالہ بیٹی آسیہ بی بی، دو نواسوں 2سالہ سلیمان ،8ماہ کے ذیشان اور4 سالہ نواسی آمنہ کے ہمراہ ایک کمرہ میں سوئے تھے کہ بارش کے دوران اچانک کمرہ کی چھت زمین بوس ہوگئی اور ملبہ تلے دب کر نذیر اں بی بی اپنی بیٹی آسیہ بی بی،نواسوں سلیمان اور ذیشان کے ہمراہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ اُسکی نواسی آمنہ کو تشویشناک حالت میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گوجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔عارف والا میںایک دکان کی خستہ حال چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک مزدور جاں بحق ہو گیا، شدید بارش اور آندھی کی وجہ سے 50فیڈروں سے بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی ،درخت ٹوٹ کر کھمبوں اور تاریں پر گر گئے جس سے بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور متاثرہ علاقوں میں کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے صارفین کو پریشانی کا سامنا ہوا۔
تازہ ترین