• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس چوری ،ایف بی آرکا خصوصی انسداد منی لانڈرنگ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد ( تنویر ہاشمی ) ملک میں بڑھتی ہوئی ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈکے مدنظر ایف بی آر نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن میں فوری طور پر خصوصی انسداد منی لانڈرنگ یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،  جس سے رواں مالی سال کے دو ماہ میں 8سے 10ارب روپے  ٹیکس ریکور کیا جائے گا ، یہ یونٹ ڈی جی آئی اینڈ آئی اینڈ آئی آر اور اس کے مختلف علاقائی دفاتر  کراچی ، لاہور ، پشاور، اسلام آباد ، ملتان ، فیصل آباد ، حیدرآباد اور کوئٹہ  میں رواں ماہ  قائم کر دیا جائیگا،یہ یونٹس ٹیکس چوری اور ٹیکس فراڈ سے متعلق انٹی منی لانڈرنگ قوانین پر عملدرآمد کروائیں گے ، انٹی منی لانڈرنگ یونٹ کو بے نامی ٹرانزکشن (ممانعت)ایکٹ 2016کے تحت اختیارات بھی دے دیئے گئے ہیں ، رئیل سٹیٹ  اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری ، تجارت وغیر ہ میں اصل قیمت کی جگہ دھوکا دہی سے غلط معلومات بھی منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتے ہیں ، جبکہ ایسے  تمام اثاثہ جات جو ٹیکس چوری کی نیت سے بے نامی ہوں وہ بھی منی لانڈرنگ کے زمرے میں   آئینگے،اس حوالے سے چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ڈی جی انٹلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن ،ان لینڈ ریونیو خواجہ تنویر نے تفصیلی خاکہ پیش کیا جس میں نئے یونٹ کے بارے میں تمام خدو خال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا تھا ، چیئرمین ایف بی آر نے نئے یونٹ کے قیام کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ اس یونٹ کو فوری طور پر فعال کیا جائے ، او ر اس کےلیے فیلڈ سٹاف کی تمام لاجسٹک ضروریات کو پورا کیا جائے، خواجہ تنویر نے چیئرمین ایف بی آر سے درخواست کی کہ تمام علاقائی ڈائر یکٹوریٹ میں پولیس سٹیشنزقائم کرنے کی بھی منظوری دی جائے تاکہ ملزم کو اپنے پولیس سٹیشن میں رکھ کر ریمانڈ لیا جائے اور بلاتعطل تفتیش کی جائے کیونکہ اس وقت ڈائر یکٹو ریٹ کو مقامی پولیس سے مد د لینی پڑتی ہے ،چیئرمین ایف بی آرنے کہا کہ مشکوک ٹرانزکشن سے متعلق فنانشل مانیٹرنگ یونٹس سے موصول ہونیوالے کیسزکو بھی نئے یونٹ میں تحقیق کی جائے ، اجلاس کو بتایا گیا کہ 9جون 2016سے اب تک ایف ایم یو سے 168مشکوک ٹرانزکشن کی رپورٹس ڈائریکٹوریٹ آف انٹلیجنس اینڈ انوسٹی گیشن کو موصول ہوئی ہیں ، ڈی جی آئی اینڈ آئی نے اجلاس کو بتایا کہ سب سے زیادہ مشکوک ٹرانزکشن کراچی ڈائریکٹو ریٹ کو موصول ہوئیں جن کی تعداد 49ہے ، اس کے بعد لاہور کو 39اور پشاور38، اسلام آباد 27، ملتان 9، فیصل آباد 4، حیدرآباد 4اور کوئٹہ ڈائریکٹوریٹ کو2رپورٹس موصول ہوئیں ، نیا انٹی منی لانڈر نگ یونٹ کے سربراہ ڈائر یکٹر اے ایم ایل ہونگے جو ڈی جی آئی اینڈ آئی کو رپورٹ کریں گے جن کو ہیڈ کوارٹر میں ایک ایڈیشنل ڈائر یکٹر ہیڈ کوارٹر میں تین ایڈیشنل ڈائر یکٹر کراچی ، لاہور اور پشاور میں ان کی معاونت کریں گےجبکہ کافی تعداد میں ڈپٹی ڈائر یکٹرز اور تفتیشی افسران بھی تعینات کیے جائیں گے۔
تازہ ترین