بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بہاول پور رانا محمد سلیم افضل نے کہا ہے کہ بہاول پور قدیمی عمارات،اعلیٰ ثقافت اور تعلیمی لحاظ سے خود کفیل شہر ہے۔یہ بات انہوں نے بہاول پور میں دو روزہ معلوماتی دورہ پر آئے ہوئے زیر تربیت سینئر افسران کو بہاول کلب میں دیئے گئے عشائیہ کے موقع پر کہی۔انہوں نے بتایا کہ بہاول پور میں قائد اعظم میڈیکل کالج، اسلامیہ یونیورسٹی، گورنمنٹ صادق ایجرٹن کالج اور صادق پبلک سکول جیسے اعلیٰ تعلیمی روایات کے حامل تعلیمی ادارے اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاول پور میں عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے بہاول وکٹوریہ ہسپتال اور سول ہسپتال جیسے ادارے موجود ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے زیر تربیت افسران کو ضلع کی جغرافیائی حدود کی اہمیت اور اس علاقہ میں ہونے والی فصلات کے بارے میں بھی اہم تفصیلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مسز نوشین ملک، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل آفتاب احمد پیرزادہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوآرڈینیشن تنویر جھنڈیر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی راؤ تسلیم اختر، اسسٹنٹ کمشنر صدر حسنین خالد سنپال ودیگر افسران موجود تھے۔