• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسان اللہ احسان کی گرفتاری سےپاکستان کا کیس مضبوط ہوگا

کراچی (ٹی وی رپورٹ) سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ احسان اللہ احسان کافی اہم آدمی ہے،اس کی گرفتاری سے غیر ملکی مداخلت کے حوالے سے پاکستان کا کیس مضبوط ہوگا، نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ انڈیا کو بتا دیا کہ سیریز نہ کھیلنے پر قانونی ایکشن لینے والے ہیں، سیز نہ کھیلنے پر آئندہ ہفتے انڈیا کو قانونی نوٹس بھیجیں گے،بھارتی صحافی وکرانت گپتا کا کہنا تھا کہ آنے والے دن آئی سی سی کیلئے بھی آسان نہیں ہوں گے، بھارت کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کی باتیں حقیقت میں بدل سکتی ہیں، پی ٹی آئی کے فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کی سیاسی تاریخ خریدنے اور بیچنے کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ‘‘ میں کرتے ہوئے کیا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ آواز جو دہشت گردی کے ہر واقعہ کے بعد اس کی فخریہ انداز میں ذمہ داری قبول کرتی تھی، وہ آواز جو ریاستی اداروں کو للکارتی تھی، وہ آواز جو صحافیوں اور میڈیا اداروں کو دھمکاتی تھی اسی آواز نے آج اعتراف جرم کیا، کئی برس تک طالبان کی ترجمانی کرنے والے احسان اللہ احسان نے نہ صرف غلطی تسلیم کی بلکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی حقیقت بھی سامنے رکھ دی۔ آج سامنے آنے والی آئی ایس پی آر کی ویڈیو میں تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے یہ تسلیم کرلیا کہ تحریک طالبان پاکستان بھارتی خفیہ ادارے را اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کیلئے کام کررہی ہے اور جب انہوں نے اعتراض کیا تو تحریک طالبان کے رہنماؤں نے کہا کہ اگر انہیں اسرائیل سے بھی مدد لینی پڑی تو مدد لیں گے۔ احسان اللہ احسان نے انکشاف کیا کہ افغان حکام نے انہیں افغان شناختی کارڈ بنا کر بھی دیئے اور ان شناختی کارڈز کے ثبوت بھی سامنے آئے تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان نے اپنی غلطی کو تسلیم کیا اور کہا کہ اسلام کے نام پر نوجوانوں کو بیوقوف بنایا جارہا ہے۔ شاہزیب خانزادہ نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غور نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ احسان اللہ احسان نے پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کا بیرونی ایجنڈا بے نقاب کردیا ہے، ہمارے نوجوان ہماری طاقت ہیں، بیرونی طاقتوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان تحریک طالبان پاکستان، تحریک طالبان مہمندایجنسی اور جماعت الاحرار کا ترجمان رہا، ملک میں دہشتگردی کی کوئی بھی کارروائی ہوتی تو احسان اللہ احسان اس کی فوراً ذمہ داری قبول کرتا، صحافیوں کو فون کرتا، اگر کوئی صحافی طالبان کے موقف کے خلاف جارہا ہوتا تو دھمکیوں تک کی بات کی جاتی، ملالہ یوسف زئی پر حملہ، پشاور ایئرپورٹ حملہ، گلگت میں غیرملکی سیاحوں کا قتل، واہگہ بارڈر خودکش حملہ، پنجاب کے وزیرداخلہ شجاع خانزادہ پر خودکش حملہ، لاہور کے اقبال پارک میں خودکش حملوں کی ذمہ داری اسی احسان اللہ احسان نے قبول کی۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ دہشت گردی کی آگ نے پاکستان کی معیشت اور معاشرت دونوں کو تباہ کردیا، ساٹھ ہزار سے زائد پاکستانی جان سے گئے، اربوں روپے کا نقصان پہنچا اور ملک میں عدم استحکام پھیلایا گیا۔ اب احسان اللہ احسان کی گرفتاری سے کتنا فائدہ ہوگا، کیا اس کے پاس وہ بہت ساری معلومات ہوں گی جس سے پاکستان میں اگر کوئی ٹھکانے ہیں اور افغانستان میں کوئی ٹھکانے میں ہے تو ان میں کارروائی ہوسکے۔ شاہزیب خانزادہ کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان کی گرفتاری بہت اہم ہے مگر اب بھی کئی سوالات باقی ہیں، دہشت گردوں کی قیادت ابھی بھی محفوظ ہے، پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کم ہوئی ہیں مگر ختم نہیں ہوئی ہیں، اسی طرح کا ایک سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی قیادت تو افغانستان میں چھپی ہے لیکن کیا اب پاکستان میں ٹی ٹی پی کے محفوظ ٹھکانے سامنے آئیں گے، احسان اللہ احسان اس نیٹ ورک کے بارے میں کیا تفصیلات بتائے گا۔شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ بھارت کا کرکٹ دنیا میں راج کرنے کا خواب چکنا چور ہوگیا ہے، آج آئی سی سی اجلاس میں بھارت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے آئین کی راہ میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے رکاوٹ بننے کی کوشش کی اور آئی سی سی کے نئے فائنانشل ماڈل اور گورننس اسٹرکچر کی مخالفت کی لیکن دیگر رکن ممالک نے بھارت ایک نہ چلنے دی، فائنانشل ماڈل کے حق میں نو اور مخالفت میں صرف ایک ووٹ آیا جبکہ نئے گورننس اسٹرکچر کے حق میں آٹھ او ر مخالفت میں دو ووٹ آئے، بگ تھری ماضی کا قصہ بن گیا ہے، وہ بگ تھری جسے بھارت نے زبردستی منوایا، پاکستان اگر نہیں مان رہا تھا تو سیریز کھیلنے کے وعدہ کیا مگر وہ وعدہ بھی نہیں پورا کیا، اس کے بعد اب فائنلی بھارت کا بگ تھری کا ارمان ملیا میٹ ہوتا نظر آرہا ہے، نئے ریونیو ماڈل کی منظوری کے بعد بھارتی حصہ 570ملین ڈالر یعنی 65ارب روپے سے کم ہو کر 290 ملین ڈالر تقریباً 30ارب روپے رہ جائے گا، کرکٹ کے فیصلے اب تین بڑوں کی نہیں بلکہ اکثریت کی رائے سے ہوں گے، بگ تھری جس میں بھارت باقی دو ممالک کے ساتھ زیادہ اثر انداز ہوسکتا تھا اب ایسا نہیں ہوگا بلکہ اکثریتی فیصلے ہوں گے۔ شاہزیب خانزادہ نے تجزیے میں مزید کہا کہ عمران خان نے پھر ایک الزام لگایا ہے، اب سے کچھ دیر پہلے حمزہ شہباز کا بیان سامنے آیا ہے کہ عمران خان بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں، غلط الزام لگانے پر عمران خان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، عمران خان نے الزام یہ لگایا ہے کہ انہیں پاناما کیس سے پیچھے ہٹنے کیلئے دس ارب روپے کی آفر شریف خاندان کی طرف سے ہوئی تھی اور اگر انہیں دس ارب روپے کی آفر ہوئی تھی تو دوسروں کو کتنی ہوئی ہوگی، آج عمران خان ایک نجی ٹی کے پروگرام میں موجود تھے اور جو سوال بار بار ہوا کہ یہ آفر کس کے ذریعے ہوئی اور کہاں سے ہوئی۔ شاہزیب خانزادہ نے کل کے پروگرام کے حوالے سے ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ہم نے آپ کوا ندر کے حقائق بتائے تھے جو شریف خاندان اپنے کلاء کی ٹیم جو شروع میں تھی اس سے مطمئن اور خوش نہیں، اس حوالے سے بہت سی تردیدیں بھی آئی ہیں، ہم آپ کو بتاتے چلیں کہ ہم اپنی اسٹوری پر قائم ہیں اور اس کا واضح ثبوت یہ بھی ہے کہ بہرحال شریف خاندان نے اپنی وکلاء کی ٹیم تو بدلی ہی تھی، ہمارے پاس اس حوالے سے ثبوت بھی موجود ہیں جو بھی اسٹوری ہم نے کی تھی۔ سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی کی گفتگو سینئر صحافی رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ احسان اللہ احسان کافی اہم آدمی ہے، یہ تحریک طالبان پاکستان کی ابتداء سے ہی شوریٰ کا اہم رکن اور ترجمان رہا ہے، ٹی ٹی پی میں دھڑے بندیوں کے بعد یہ جماعت الاحرار میں شوریٰ کا رکن، کمانڈر اور ترجمان تھا، احسان اللہ احسان کو ضرور علم ہوگا کہ ان کا کا نیٹ ورک کیسے چلتا ہے، افغانستان اور انڈیا میں خفیہ اداروں کے ساتھ کیسے روابط ہیں اور ان کا پاکستان میں نیٹ ورک کیسے کام کررہا ہے۔ رحیم اللہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ احسان اللہ احسان کی گرفتاری پہلے ہوگئی تھی، میں نہیں سمجھتا کہ احسان اللہ احسان نے سرینڈر کیا ہے، اس کو تو اپنی جان بخشی کی توقع ہی نہیں ہوگی اس لئے لگتا یہی ہے کہ اسے گرفتار کیا گیا ہے، احسان اللہ احسان سے درکار معلومات پاکستانی اداروں نے حاصل کرلی ہوں گی، اس کے بعد اس کا اعترافی بیان میڈیا کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان میں کافی ایسی باتیں ہوں گی جو نشر نہیں ہوئیں ، اس کی انہی باتوں کی بنیاد پر ان کے باقی رازوں تک پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔ رحیم اللہ یوسف زئی نے کہا کہ احسان اللہ احسان کی گرفتاری کے بعد پاکستان کا کیس مضبوط ہوا ہے، پاکستان کے پاس غیرملکی مداخلت کے مزید شواہد آگئے ہیں، پاکستان افغان حکومت کو پہلے بھی یہ شواہد پیش کرچکا ہے، اب جو شواہد پاکستان کے ہاتھ لگ گئے ہیں اس سے افغان حکومت انکار نہیں کرسکے گی اور اس پر ان کیخلاف کارروائی کیلئے دباؤبڑھے گا، افغان حکومت اس کے عوض پاکستان سے افغان طالبان اور حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کررہا ہے لیکن اس پر ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی ہے۔ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کی گفتگو چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کے دس میں سے آٹھ یا نو ارکان نے بگ تھری کے اہم معاملات پرنظرثانی کیلئے ایک نیا فارمولا بنایا تھا، انڈیا کی طرف سے اس پر بہت اعتراضات آرہے تھے، پہلے خبریں تھیں کہ شاید ایک دو ملک بھی ان کے ساتھ ہیں جو ہماری قرارداد منظور نہیں ہونے دیں گے مگر اس پر کافی کام ہوا اور آج جب پوچھا گیا تو آئی سی سی کے رکن ممالک کی اکثریت نئے فارمولے کے حق میں تھی ، انڈیا کو بگ تھری فارمولے میں اگلے آٹھ سالوں میں 560ملین ڈالر ملنے تھے جو نئے فارمولے کے تحت 250 ملین ڈالر تک کم کردیئے گئے ہیں۔
تازہ ترین