• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 5لاکھ شناختی کارڈزبلاک کرنے کا الزام غلط ‘چوہدری نثار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جمعہ کو کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد اور ڈیفنس میں نادرا کے دو میگا سینٹرز کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی منی پاکستان ہے‘ نادرا کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے شناختی کارڈز کے اجرا کیلئے سہولیات ہونی چاہئیں اور یہ پابندی نہیں ہونی چاہیے کہ ایک علاقے کا شہری دوسرے علاقے میں جاکر نادرا کے سینٹر میں شناختی کارڈ نہ بناسکےاور ا یسی کوئی پابندی نہیں ہے‘ اگر اس حوالے سے کوئی شکایت ہے تو چیئرمین نادرا اس کا فوری ازالہ کریں‘،کراچی میں 5لاکھ سے زائد شناختی کارڈز بلاک کرنے کا الزام غلط ہے‘ پورے ملک میںساڑھے 3کارڈز بلاک کیے گئے ہیں جن میں سے 1لاکھ 72ہزار منسوخ کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید ڈیڑھ لاکھ شناختی کارڈز کی تحقیقات جاری ہیں اورتحقیقات مکمل ہونے کے بعد آئندہ دو سے تین ماہ میں ان شناختی کارڈز کو جاری کیا جائے گا ۔ان کا کہناتھاکہ ڈیفنس میںنادرا میگاسینٹر24گھنٹے کام کرے گا اور اس سینٹر میں بیک وقت 1600افراد کو شناختی کارڈز فراہم کرنے کی سروس فراہم ہوگی ۔اس سینٹر میں23 کاؤنٹر بنائے گئے ہیں ،2کاؤنٹرز جمع شناختی کارڈ جمع کرنے ،2وصول کرنے اور 2ضعیف افراد کے لیے ہیں ۔اس سینٹر سے ون ونڈو آپریشن کے تحت شناختی کارڈز جاری کیے جائیں گے ‘تیسرا سینٹر اگلے ماہ سائٹ کے علاقے میں قائم ہوجائے گا جہاں 3ہزار افراد کو شناختی کارڈز فراہم کرنے کی سروسز حاصل ہوں گی یہ کراچی میں شناختی کارڈ بنانے کا سب سے بڑا میگا سینٹر ہوگا ۔نادرا کا کوئی ملازم اگر شہریوں سے ناروا سلوک یا بدتمیزی کرے گا تو اسے ملازمت سے برطرف کردیا جائے گا ‘چوہدری نثارنے کہاکہ جن افراد کےکوائف مکمل نہیں ہوں گے ، نادرا کسی صورت میں ان کے شناختی کارڈ جاری نہیں کرے گا ، اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ہے ‘وزیر داخلہ کو نادرا حکام نے بتایا کہ نارتھ ناظم آبادمیگا سینٹر میں 28کاؤنٹر بنائے گئے ہیں ، جس میں شناختی کارڈ جمع کرنے کے لیے دو ، تقسیم کرنے کے لیے تین ، معلومات کے لیے چار اور خصوصی افراد اور بزرگوں کے لیے تین کاؤنٹر شامل ہیں ۔ اس میگا سینٹر میں بیک وقت دو ہزار افراد کے شناختی کارڈ کو پروسیس کرنے کی سہولت موجود ہے اور یہ سینٹر 24 گھنٹے کام کرے گا ۔بعدازاں چوہدری نثارنے گورنرہاؤس  میں  گورنر سندھ محمد زبیر سے ملاقات کی ۔ گورنر ہاؤس ترجمان کے مطابق ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال ، جاری آپریشن ، اس ضمن میں وفاقی حکومت کے تعاون اورصوبہ سے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمہ سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبہ سے ہر قسم کے جرائم کے خاتمہ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اس ضمن میں کراچی آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہے گا ۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ امن و امان ہی خوشحال و ترقی یافتہ صوبہ کی ضمانت ہے امن و امان کے قیام اور استحکام کے لئے بلا تفریق و دبائو کارروائی جاری رہے گی ۔ملاقات میں گورنر اور وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے مثل قربانیاں دیں جنھیں کسی صورت ضائع نہیں ہو نے دینگے ، اداروں کو قانونی و آئینی سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے گی تاکہ ادارے بلا کسی دبائو کے اپنا کام جاری رکھ سکیں جبکہ کراچی کے شہری امن و امان کے قیام میں رینجرز کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
تازہ ترین