• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینکڑوں بیوائیں پنشنوں میں 7سال قبل ہونیوالے اضافہ اور بقایا جات سے محروم

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے)ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کاپوریشن راولپنڈی کے دوہزار پنشنرز چار ماہ سے پنشن سے محروم ہیں جبکہ 7سال قبل پنشنوں میں ہونے والے اضافہ سےسینکڑوں بیوائیں تاحال محروم ہیں۔ پنشن ایکشن کمیٹی کے صدر طاہر خان کے مطابق میونسپل کاپوریشن کے14سو جبکہ ضلعی انتظامیہ کے 600 ملازمین ہیں جن کو تمام تر دعوئوں کے باوجود پنشن نہیں ملی ہے۔ادھرمرحوم فوجی جے سی اوز اور دیگر رینک کے آخری تنخواہ کے پچاس فیصد ملنے والی پنشن یکم جولائی 2010ء کو اضافہ کر کے 75فیصد کی گئی تھی۔ ان اضافوں پر بلاامتیاز عملدرآمد کروانے اور ڈاکخانوں کو احکامات جاری کرنے کی بجائے کنٹرولر ملٹری پنشن لاہور کینٹ سے تصحیح کروانے کی شرط عائد کر دی گئی۔ جن بیوائوں نے بھاگ دوڑ کر کے اضافہ لگوا لیا ان کو تو بقایا جات مل گئے لیکن سینکڑوں بیوائیں اب بھی پنشنوں میں اضافہ سے محروم ہیں۔ اُنہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ‘ وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف سے اپیل کی ہے کہ جن بیوائوں کو اضافہ تاحال نہیں ملا انہیں فوری ادائیگی کا نظام بنایا جائے اور ڈاکخانوں کو ازخود اضافے لگا کر بقایا جات ادا کرنے کی ہدایت کی جائے۔
تازہ ترین