کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کی تحقیقاتی کمیٹی نے ٹیسٹ کرکٹرز عمر اکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی ہے۔ تاہم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم سے ڈراپ کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پنڈی اسٹیڈیم میں ہونے والے تنازع کے بعد شفیق احمد پاپا کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی نے دونوں کھلاڑیوں کے بیانات ریکارڈ کئے ۔ ذمے دار ذرائع کے مطابق دونوں کے بیانات میں تضاد تھا جس سے یہ تاثر سامنے آیا ہے کہ عمر اکمل اور جنید خان نے غلط بیانی کی اور دونوں ہی قصور وار ٹھہرائے جائیں گے ۔اس لئے کمیٹی دونوں کھلاڑیوں کے خلاف جرمانہ عائد کرنے کے لئے رپورٹ پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھیجے گی۔ پنجاب ٹیم کے کپتان عمر اکمل نے ٹاس کے وقت جنید خان پر بغیر بتائے ٹیم چھوڑ کر جانے کا الزام عائد کیا تھا۔ جبکہ جنید خان کا کہنا تھا کہ وہ زہر خورانی کا شکار تھے اس کی اطلا ع انہوں نے منیجر اور فزیو کو دے دی تھی۔ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دونوں کھلاڑیوں کو پہلے سے اعلان کی گئی ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا جارہا تاہم دونوں کو وارننگ دی جائے گی اور جرمانہ عائد کیا جائے گا۔