• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خورشید شاہ ذہنی طور پر 70کی دہائی میں کھڑے ہیں،ترجمان وزارت داخلہ

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے بیان پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی طرف سے سخت ردعمل کا اظہار کیاگیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ کچھ لوگ اپنی ماضی کی اصلیت اور ذہنیت سے باہر نہیں نکل سکتے۔ لگتا ہے کہ خورشید شاہ ذہنی اور اخلاقی طور پر اسی سطح پر کھڑے ہیں جہاں 70ء کی دہائی میں انہوں نے کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن سے ملازمت کا آغاز کیا تھا۔ وزیر داخلہ کے پاس نہ تو اتنا وقت ہے کہ وہ کسی کی لغو اور بے ہودہ باتوں کا جواب دیں اور نہ وہ خورشید شاہ کی بے بنیاد باتیں اس قابل سمجھتے ہیں کہ ان پر اظہار خیال کیا جائے۔ ہر غیر متعلقہ چیز کو وزیر داخلہ کے ساتھ جوڑنا ایسے شخص کی سیاسی، اخلاقی اور شخصی دیوالیہ پن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ میڈیا کے چند حلقے بے بنیاد اور گمراہ کن بیانات کا نوٹس ہی کیوں لیتے ہیں۔ ترجمان نے یہ کہا کہ اگر وزیر داخلہ کی طرف سے جواب دینا ہی مقصود ہو تو صرف اتنا ہی کہنا کافی ہے کہ کچھ لوگ وزیر داخلہ کی دشمنی میں اتنی پستی کا شکار ہیں کہ وہ اپنی ماضی کی تعلیم اور سوچ سے باہر نکلنے کیلئے تیار ہی نہیں اور اسی پست سوچ کا اظہار انکے بیانات سے ہوتا ہے۔
تازہ ترین