• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویسٹ انڈین مرد بحران روسٹن چیز،دبائو میں عمدہ بیٹنگ کے عادی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ویسٹ انڈین مڈل آرڈر بیٹسمین اورپاکستان کے خلاف برج ٹائون ٹیسٹ میں سنچری میکر روسٹن چیز ساتھیوں اور دوستوں میں کرائسس مین (مرد بحران) کے نام سے مشہور ہیں۔ پاکستان کے خلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے انہوں نے ٹیسٹ میچوں میں چوتھی بار پچاس سے زائد رنز بنائے۔ گذشتہ سال جمیکا ٹیسٹ میں بھارت کے خلاف وہ137 رنز بناکر اپنی ٹیم کو شکست سے بچا چکے ہیں۔ بارباڈوس کے میچ میں جب وہ کریز پر آئے ویسٹ انڈیز کےچار وکٹ 70 رنز پر گر چکے تھے۔ انہوں نے بحرانی صورتحال میں 131رنز بنائے ۔ وہ اپنے ہوم گرائونڈ پر سپر ہیرو بن گئے۔ ویسٹ انڈین ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں میں یہ بات مشہور ہے کہ اگر سپر ہیرو پر کوئی فلم بنتی تو اس کانام یقینی طور پر کرائسس مین ہوتا۔ میچ کے پہلے دن کے بعد روسٹن چیز نے کہا کہ میں اس قسم کی صورتحال کا عادی ہوں۔ ٹیم بیک فٹ پر اور دبائو میں تھی۔ میں نے سر جھکا کر بیٹنگ کی اور مجھے اس کا صلہ ملا۔ انہوں نے اپنے بڑے بھائی کو اپنا مینٹور قرار دیتے ہوئے کہا کہ میرا خاندان ہمیشہ میری حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے اور مجھے کرکٹ کھیلنے کی تلقین کرتا ہے۔روسٹن چیز نے سنچری بناکر انگریزی میں’’ X‘‘کا نشان بنایا اس بارے میں انہوں نے کہا کہ جب میں نے جمیکا ٹیسٹ میں سنچری بنائی تو میرے بھائی نے کہا کہ تم نے اسی طرح سنچری پر خوشی کا اظہار کرنا ہے۔ بارباڈوس میں عیسائی ایکس بناکر کرائسٹ چرچ کا نشان بناتے ہیں۔ 2015 کے دورہ انگلینڈ کے بعد میں سنچری پر یہی نشان بناتا ہوں۔ چیز کہتے ہیں کہ وکٹ ڈرائی ہے اور اس پر اسپنرز کا کردار اہم ہوگا۔ ہم بڑا اسکور بناکر پاکستان کو دبائو میں لانا چاہتے ہیں۔
تازہ ترین