سرکاری ملازم پر تشدد کے کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما فرحان غنی کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کی کہ دوران تفتیش تھانے سے ملزم کو کس قانون کے تحت رہا کیا گیا، آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش کیا جائے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بتایا جائے کہ کیا دوران تفتیش ملزم کو رہا کرنے کا اطلاق دہشت گردی کے کیس میں ہوتا ہے؟ ملزمان کو جس سیکشن کے تحت ضمانت پر رہا کیا گیا اور درخواست عدالت میں جمع کروائی گئی مدعی کے وکیل وہ قانون عدالت میں پیش کریں۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ کیس کی شفاف تحقیقات کی گئی ہیں، سرکاری کام چل رہا تھا لیکن کوئی دہشت گردی نہیں ہوئی ہے، اس کیس میں انسداد دہشت گردی کا خصوصی قانون لاگو نہیں ہو گا، یہ اے ٹی سی کا کیس نہیں بنتا، ہم درخواست دے دیتے ہیں۔
کیس کی مزيد سماعت 30 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔