لندن ( جنگ نیوز ) برطانوی باکسر انتھونی جوشوا ہیوی ویٹ ٹائٹل کیلئے ولادیمیر کلچکو سے دوبارہ مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہیں تاہم ان کے یوکرینی حریف نے فوری طور پر حامی بھرنے سے انکار کردیا ہے۔ سابق عالمی ہیوی ویٹ چیمپئن ولادیمیر کلچکو نے کہا ہے کہ اگر انھوں نے باکسنگ جاری رکھی اور مستقبل میں کوئی مقابلہ کیا تو وہ انتھونی جوشوا کےخلاف ہی ہوگا اور وہ اس کے علاوہ کسی دوسرے باکسر سے مقابلہ نہیں کریں گے۔ جوشوا سے مقابلے کے لیے ہونے والے معاہدے میں ری میچ کی شق موجود ہے لیکن وہ اپنے حالیہ مقابلے کا تجزیہ کرنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔ گیارہ برس تک ناقابل شکست رہنے والے اکتالیس سالہ ولادیمیر کلچکو 29 اپریل کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں ہونےوالےایک انتہائی دلچسپ مقابلے میں نوجوان باکسر انتھونی جوشواسے ہار گئے تھے۔ یوکرین سے تعلق رکھنے والے ولادیمیر کلچکو نے اپنے کیرئیر میں 69 مقابلے کیے جس میں انھیں صرف پانچ بار شکست کا سامنا کرنا پڑا اور انھوں نے اپنے 52 حریفوں کو ناک آؤٹ کیا۔ ولادی میر کلچکو سے تمام بلیٹس 2015 میں اس وقت چھن گئیں تھیں جب برطانوی باکسر ٹائسن فیوری نے جرمنی میں ہونے والے ایک میچ میں انھیں پوائنٹس پر شکست دے دی۔ولادیمیر کلچکو نے کہا کہ اس مقابلے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ نئے چیمپئن میں بھی کمزرویاں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انتھونی جاشوا نے وہی کچھ کیا جو اسے کرنا چاہیے تھا۔ولادی میر کلچکو نے کہا کہ جب انھوں نے چھٹے روانڈ میں انتھونی جاشوا کو گرایا تو انھیں یقین تھا کہ وہ دوبارہ سنبھل نہیں سکے گا لیکن وہ نہ صرف سنبھلا بلکہ میچ میں فاتح رہا۔