اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں حکومتی منشور کے مطابق پائیدار ترقی اور مجموعی ترقی کے حصول کو مدنظر رکھا جائے تاکہ ملک میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ وہ پیر کو آئندہ مالی سال 2017-18کے بجٹ کی تیاری کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ نے بجٹ سازی پر اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ دی اور بجٹ کے لئے مختلف سٹیک ہولڈرز سے لی گئی تجاویز اور رابطوں کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ سیکرٹری خزانہ نے کہا کہ وزیر خزانہ کی ہدایت کی روشنی میں تجاویز کے امکانات اور مالیاتی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لیا گیا اور ان کو بجٹ سازی کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں تمام متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطوں پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں چار سے سات مئی تک پیسفکو یوکوہاما‘ جاپان میں ہونے والے ایشیائی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ اور اقتصادی امور ڈویژن کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔