لاہور(نمائندہ جنگ)شیخو پورہ روڈ پر موٹر وے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ سے بھری گاڑی پکڑ لی گئی جسے لاہور میں دہشت گردی کے منصوبے کیلئے لے جایا جا رہا تھا۔ملزمان فرار ہوگئے۔ 100رائفلیں،7پستول،کارتوس و گولیاں برآمد،اسلحہ لاہور لایا جارہا تھا،موٹروے پولیس کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مخبری کی بناء پر اسلام آبا د سے لاہور جانیوالی ایک کار کو شیخوپورہ کے قریب روکنے کی کوشش کی تو اس کے ڈرائیور نے کار کو مزید تیز کردیا جس پر کار کا تعاقب کیا گیا تو وہ کوٹ پنڈی داس کے قریب ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی اور اس میں سوار ڈرائیور سمیت دو افراد مبینہ طورپر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے روپوش ہوگئے جس کے بعد کار کی سیٹوں ،ڈیگی سے اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد ہوئی۔ جس میں 222 اور 232 بور کی ایک سو رائفلوں کے علاوہ 7 پستول اور بھاری مقدار میں کارتوس ،گولیاں شامل ہیں۔ ان ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ اسلحہ ممکنہ طور پر اسلحہ اسلام آباد سے لاہور دہشت گردوں کیلئے لایا جارہا تھا تاہم اصل حقائق ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد منظر عام پر آئیں گے تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے موٹروے پولیس حکام کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ابتدائی اطلاع کے مطابق گاڑی مرزا مستنصر نامی شخص کی ہے جو علامہ اقبال ٹاؤن لاہور کا رہائشی بتایا گیا ہے ۔