بہاول پور(سٹی رپورٹر)بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام لیبر ڈے کے موقع پر کمپنی کے محنتی ورکرز کی خدمات کے اعتراف میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر میئر بہاولپورو چیئرمین بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عقیل نجم ہاشمی، ڈپٹی میئر بہاولپور ملک منیر احمد چنڑ، ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی،حسینہ ناز،ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل،سابق چیئرمین و ممبر بورڈ آف ڈائریکٹرز سمیع اللہ چوہدری، تمام یونین کونسلز کے چیئرمین، سول سوسائٹی کے نمائندگان کمپنی آفیسران کے علاوہ کمپنی کے ورکرز نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر بہاولپور عقیل نجم ہاشمی نے کمپنی کے سینٹری سٹاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ شہر کے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی بدولت شہر بہاولپور پنجاب بھر میں سب سے صاف ستھرا شہر ہے، انہوں نے کہا کہ ورکرز کی تنخواہوں میں اضافے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے بھرپور کاوشیں جاری رکھی جائیں گی۔ ڈپٹی میئر بہاولپور ملک منیر اقبال چنڑ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والامزدور طبقہ اہم کردار اداکر رہا ہے، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور رانا محمد سلیم افضل نے کہا کہ آج کا دن ہر اس محنت کش کے نام ہے جو دن رات محنت ومشقت کرکے کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے، سمیع اللہ چوہدری نے کہا کہ بہاولپور کے حسین ہونے کا سہرا کمپنی کے تمام سینٹری سٹاف کے نام ہے ،انہوں نے کہا کہ عنقریب بہاولپور پاکستان کا پہلا زیرو ویسٹ سٹی ہو گا،تقریب کے آخر میں کمپنی کے ریٹائر ہونے والے 20 ملازمین کو تحائف دئیے گئے۔ قبل ازیں بہاولپور کے ہونہار طالبعلم ستارہ بہاولپور عبداللہ تنصیر نے بی ڈبلیوایم سی کے ورکرزکے لیے خصوصی تیار کردہ نغمہ پیش کر کے حاضرین محفل کی خوب داد وصول کی۔