کراچی (جنگ نیوز)عوامی نیشنل پارٹی کے اسفند یار ولی (ڈمی) اور تحریک انصاف کے مراد سعید (ڈمی) جیونیوز کے پروگرام ”خبرناک“ میں ہفتے کو مدِ مقابل ہوں گے۔ شو کے دوران میاں برادران، زرداری اور عمران خان کے کھانوں کے بارے میں دلچسپ انکشافات بھی سامنے لائے جائیں گے۔ یہ بھی دکھایا جائے گا کہ بڑے میاں تو ایسے ہی بدنام ہیں اصل ”پیٹو“ تو چھوٹے میاں صاحب ہیں۔ تصویر دیکھ کر شادی کرنے کا مقدمہ بھی ”خبرناک “ میں پیش ہوگا۔ پروگرام کے دوران اسفندیارنے مراد سعید سے کہا کہ مجھے بھی تو بتاؤ نواز شریف نے کیا کیا ہے جو استعفیٰ مانگتے ہو؟۔ جواب میں مراد سعید نے کیا بتایا یہ خلاصہ پروگرام دیکھنے کے بعد ہوگا۔ اس موقع پر ”خبرناک“ کی میزبان جگنو محسن نے اسفند یار ولی سے کہا کہ ہر کوئی وزیر اعظم کے استعفے کا خواہاں ہے آپ بغض عمران میں خاموش ہیں۔ اہم تبصروں اور تجزیوں سے بھرپور سیگمنٹ ” سُرناک“بھی نشر کیا جائے گا۔ علی میر کی دلچسپ پیروڈی اور مزاح سے بھر پور شو رات 11 بجکر5منٹ پر نشر کیا جائے گا۔