لاہور(نمائندہ خصو صی )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ موجودہ سٹیٹس کوکرپشن کی پیداوارہے،جب تک موجودہ سٹیٹس کو ہےزرداری، نواز شریف اور مشرف پیدا ہونگے،پانامہ سکینڈل میں کسی عالم یا دینی مدرسے کے طالب علم کا نام نہیں اس میں حکمرانوں اور انکے بچوں کے نام ہیں ،پاکستان کا مستقبل سیکولرازم اور لبرل ازم نہیں بلکہ اسلام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاورجمعیت اتحاد العلماء کے زیر اہتمام گرینڈ علماء ومشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ ہم طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے سکولوں اور مدارس میں یکساں نظام تعلیم رائج کرینگے۔ اس ملک کو گذشتہ 70 سال سے سیاسی پنڈتوں نے لوٹا ہے اور انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے لاکھڑا کیا ہے، ان پنڈتوں اور سیاسی برہمنوں کی وجہ سے ملک کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدات کو خطرات لاحق ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی سیاست وجمہوریت کو یرغمال بنانے والے مخصوص ٹولے کی داخلہ و خارجہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں افراتفری،بدامنی،بے روزگاری،مہنگائی کاراج ہے۔موجودہ حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے دشمن روز ہمارے بارڈرپر حملے کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ملک پر جب بھی برا وقت آیا تو قربانی دینی طبقوں نے ہی دی ۔ علمائے کرام اور دینی مدارس کے طلباء ہمارے لئے ستارے ہیں ،ہمارے مخالفین نے انتخابات جیتنے کیلئے ابھی سے ہیلی کاپٹروں اور ہالی ووڈ اداکاروں کی بکنگ شروع کردی ہے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حالات میں اب جو نظر آرہا ہے تو میں سمجھتاہوں کہ اب مستقبل اسلام کا ہے مستقبل پاکستان کا ہے، اب وہ وقت ضرور آئیگا کہ پاکستان کے چیف جسٹس کے ہاتھ میں انگریز کی کتاب کی بجائے قرآن ہوگا۔