اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے اغواءکا مقدمہ پرویز مشرف کے خلاف درج ہونا چاہئے،عافیہ کو 100 دنوں میں واپس لانے کا وعدہ کرنے والے نواز شریف 4 سال میں کچھ نہ کرسکے، حکومت ڈاکٹر عافیہ کے کیس میں مدعی بننے کو تیار نہیں ہے، ہم ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی مہم میں پوری قوم کو شامل کرینگے،گزشتہ روزاسلام آباد میں ہیومن رائٹس نیٹ ورک پاکستان کے زیراہتمام عافیہ رہائی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے صرف امریکیوں کو خوش کرنے اور اپنی حکومت کو دوام دینے کے لئے اتنا بڑا ظلم کیا وزیراعظم نواز شریف اور اہم حکومتی شخصیات نے امریکہ کے کتنے دورے کئے اس وقت ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ آپ ڈاکٹر عافیہ کو اپنے ساتھ لائیں۔ پوری قوم آپ کا استقبال کرے گی لیکن ہمارے حکمرانوں کو یہ عزت نصیب نہیں تھی، ڈاکٹر فوزیہ اور آمنہ مسعود جنجوعہ کے آنسو پوری قوم کو جگانے کے لئے کافی ہیں۔ اب بھی اگر قوم نہ جاگی تو عرش حرکت میں آئے گا۔ انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ آ ئیں مل کر ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے جدوجہد کریں اور پورے رمضان شریف میں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی مہم چلائیں، ایک ماہ کے اندر اقوام متحدہ کو ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے لئے 5 کروڑ ای میلز اور پیغامات بھیجنے کی مہم چلائیں گے اور حکومت پر بھی دبائو ڈالیں گے کہ وہ سفارتی ذرائع استعمال کرے، ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کا مسئلہ اٹھانے پر ہم تمام جماعتوں کے مشکور ہیں ، آمنہ مسعود جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے دو ہی راستے ہیں ایک قیدیوں کی رہائی کے تبادلے کے ذریعے اور دوسرا حکومت پاکستان امریکہ سے کہے کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کو رہا کرے۔