• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت جدید نصاب تعلیم کیلئے وسائل و تعاون فراہم کرے گی، گورنر سندھ

  کراچی (اسٹاف رپورٹر)  گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت صوبے کی جامعات کے وائس چانسلرز کا سہ ماہی جائزہ اجلاس گورنر ہائوس میں منعقد ہوا ،اجلاس میں معیار تعلیم میں اضافہ ،تحقیق پر مبنی تعلیم کے فروغ ،اسکالرز شپس ،سکیورٹی معاملات ،جامعات کے لئے گرانٹس ،ہم نصابی سرگرمیوں خصوصا کھیلوں کی حوصلہ افزائی اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر ہاوس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ  تعلیم کے ساتھ تحقیق پر بھرپور توجہ سے اعلیٰ تعلیم کے مطلوبہ نتائج حاصل ہو سکتے ہیں با الخصوص عصرحاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی نظام اور نصاب وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں حکومت جامعات کو ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کرے گی انہوں نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ضمن میں تعلیمی معیار اور انفرااسٹرکچر کی بحالی اور جامعات کے لئے گرانٹس فراہم کرنے کے لئے از سر نو جائزہ بھی لیا جائیگا ، صوبہ میں انڈونمنٹ فنڈ ز کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ، جامعات میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ اجلاس میں جامعات میں امن و امان کے قیام کے ضمن میں تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا جبکہ جامعات میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات کو بھی یقینی بنائے جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پی ایم ڈی سی کے قوانین کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد ، پرنسپل سکریٹری صالح احمد فاروقی، جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان ، ڈائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سعید قریشی،لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد شیخ،شاہ عبد اللطیف یونیورسٹی خیرپور کی وائس چانسلر پروفیسر پروین شاہ ، پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز فور وومین شہید بینظیر آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شمشاد شیخ ،شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز سکرنڈ کے وائس چانسلر خدابخش میر بحر ، دائو یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی ، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع ، سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شیخ ، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کراچی کے وائس چانسلر جسٹس (ر) قاضی خالد علی ، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت ، مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی ، این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی ، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈو جام کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن ، انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن کراچی کے قائم مقام ڈین / ڈائریکٹرڈاکٹر سعید غنی ، شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی  لاڑکانہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام اصغر چنا ، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ ، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈیویلپمنٹ خیرپور میرس کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مدد علی شاہ نے شرکت کی ۔
تازہ ترین