• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیر پور میں 25 مئی کو سیکڑوں وکلاء اورہزاروں شہریوں کے ہمراہ سیپکو دفتر کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان

خیرپور+ڈگری+بدین(بیورو رپورٹ/نامہ نگارا ن) سندھ کے مختلف شہروں میں طویل لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا جس کے خلاف شہریوں نے احتجاجی مظاہرےکئے۔خیر پور میں 25 مئی کو سیکڑوں وکلاء اور ہزاروں شہریوں کے ہمراہ سیپکو دفتر کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان تفصیلات کے مطابق خیرپور۔ میں وکلاء اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف کورٹ روڈ سے سیپکو دفتر تک احتجاجی ریلی نکالی۔ سیپکو ملازم  وکلاء کو دفتر میں داخل ہوتے دیکھ کر دفتر چھوڑ کر بھاگ گئے۔ ریلی کی قیادت ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن خیرپور کے سابق صدر منظور حسین انصاری ،سابق جنرل سیکریٹری سید جعفر علی شاہ سندھ یونائٹیڈ پارٹی ضلع خیرپو رکے صدر فیاض خمیسانی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماء سید فتح محمد شاہ  اور سید محمد شاہ کر رہے تھے۔ ریلی کے دوران ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن کے سابق صدر منظور حسین انصاری نے کہاکہ سیپکو والے شہریوں کو اضافی بل بھیج کر پریشان کرتے ہیں میٹرریڈر غلط ریڈنگ کر تے ہیں۔انہوں نے 25 مئی کو سیکڑوں وکلاء اورہزاروں شہریوں کے ہمراہ سیپکو دفتر کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان کیا۔ڈگری۔ جھڈو اور درجنوں نواحی دیہات میں بجلی کی سپلائی اچانک معطل ہوگئی۔ شدید گرمی میں دن بھر بجلی کی فراہمی معطل رہنے سے نظام زندگی مفلوج اور کاروباری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔ بجلی کی عدم فراہمی سے اسپتالوں میں آپریشن ملتوی کرنا پڑے  جبکہ بجلی سے چلنے والی مشینوں کے مزدور اور کاریگر دن بھر ہاتھ پر ہاتھ دھرے بجلی کے انتظار میں بیٹھے رہے ، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث گھریلو خواتین کو امور خانہ داری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسکولوں میں بچے بھی بجلی نہ ہونے سے نڈھال نظرآئے۔حیسکو کی جانب سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور طویل بریک ڈاؤن معمول بن گیا ہے۔بدین۔گولارچی ، تلہار، ٹنڈو باگو، کڈھن، کھوسکی، شادی لارج ، نندو، سیرانی، کھورواہ ، ترائی، کڑیو گہنور، احمد راجو سمیت ضلع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، سیکڑوں دیہات و قصبات میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بدترین صورتحال اختیار کر رکھی ہے۔ شہری و دیہی علاقوں میں ہر گھنٹے بعد تین گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل کر دی جاتی ہے یومیہ اٹھارہ گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے سبب ضلع بھر میں تمام تجارتی و کاروباری سرگرمیاں معطل ہو گئی ہے ضلع بھر میں بجلی سے چلنے والی چار سو سے زائد چھوٹی صنعتیں عارضی طور پر بند کر دی گئی ہیں جبکہ ان صنعتوں کی بندش سے ان میں کام کرنے والے سیکڑوں یومیہ اجرتی ملازمین بھی بے روز گا ر ہو گئے ہیں۔ اس ضمن میں شہری ایکشن کمیٹی گولارچی کے رہنماؤں محمد صالح نوحانی، نصیر احمد و دیگر نے کہا کہ حیسکو افسران نے ضلع بدین کو پتھر اور تاریکی کے دور میں پہنچا دیا ہے اور حیسکو افسران نے اپنی کرپشن  چھپانے کے لئے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو اتنا بڑھا دیا ہے کہ زندگی کے معمولات ہی درہم برہم ہو گئے ہیں انہوں نے کہا کہ بجلی کے وفاقی وزراء کرپٹ حیسکو افسران کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے جنہوں نے اپنی کرپشن کو چھپانے اور لائن لاسز کو پورا کرنے کے لئے انکے احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے۔کوٹ غلام محمد۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بجلی اور گیس کی قلت کے خلاف میرپورخاص میں دیئے جانے والے دھرنے میں شرکت کے لیے کوٹ غلام محمد سے ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمین عابد حسین خان قائم خانی کی قیادت میں کوٹ غلام محمد سے 50گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوگیا۔ علاوہ ازیں کوٹ میرس لانڈھی سے رکن صوبائی اسمبلی میر منور علی خان تالپو ر اور ضلع کونسل کے چیئرمین میر انور علی خان تالپور کی قیادت میں گاڑیوں کا قافلہ روانہ ہوا۔
تازہ ترین