بہاولپور، کرم ایجنسی ،پارہ چنار،کہروڑ پکا (ڈسٹرکٹ ،رپورٹر، نامہ نگار، ایجنسیاں ) افغانستان سے آنیوالی بارود بھری گاڑی کرم ایجنسی میں لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے تباہ کردی گئی، جبکہ گاڑی میں سوار 2دہشتگرد بھی ہلاک ہوگئے بہاولپور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کر کے 2دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔کہروڑپکا میں سرچ آپریشن کے دوران 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا تفصیلات کے مطابق افغانستان کے صوبہ پکتیا سے بارود کی بھری گاڑی کرم ایجنسی میں داخل ہورہی تھی تو نیشنل بارڈر پر موجود ایف سی اہلکاروں نے روکنے کی کوشش کی گاڑی نہ رکنے پر ایف سی اہلکاروں نے گاڑی پر فائرنگ کی جسکے نتیجے میں بارود سے بھری زور دار دھماکے سے تباہ ہوگئی اور گاڑی میں سوار 2 دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے ٗ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ شاہد علی نے بتایا کہ بارود سے بھری گاڑی کو پاراچنار پہنچانے کی کوشش کی جارہی تھی۔علاوہ ازیں ،سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر بہاوپور کی بستی داد پوترا میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2دہشتگردوں عبدالحمید اور قاری مراد کو گرفتار کرلیا ہے اور انکے قبضے سے ہینڈ گرنیڈ ،دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا ہے ذرائع کے مطابق احمد پور شرقیہ میں دہشتگردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے ۔کہروڑپکا میں تھانہ سٹی پولیس اور حساس اداروں کے ملازمین نے پٹواریاں والہ میں ڈی پی او کی ہدایت پرسرچ آپریشن کیا اور 34 گھروں کی تلاشی لی جس میں65 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی اسی دوران پانچ مشتبہ افراد کو زیر حراست لے لیا گیا، آپریشن کے دوران تین بلا نمبری اور مشکوک موٹر سائیکل بھی پولیس نے قبضے میں لے لئے۔