سکھر (بیورو رپورٹ/ نامہ نگار) نارتھ سندھ اربن سروسز کارپوریشن (نساسک) انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو آلودہ ،بدبو دار اور مضر صحت پانی فراہم کیے جانے سے شہری مختلف موذی امراض کا شکار ہونے لگے۔ گیسٹرو اور پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا شہری اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں جاری قلت آب کے بحران پر بھی قابو نہیں پایا جاسکا۔ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے مکینوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے قائم کردہ نساسک انتظامیہ کی جانب سے گنجان آبادی والے علاقوں میں واٹر ورکس کے ذریعے سپلائی کیے جانیوالا پینے کا پانی آلودہ ، بدبوداراور مضرصحت ہونے کے باعث مختلف موذی امراض پھیل رہے ہیں۔میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بھی گزشتہ دنوں اپنی پریس کانفرنس کے دوران واضح طور پر کہا تھا کہ شہریوں کو آلودہ، مضر صحت پانی فراہم کیاجارہا ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی حکومت کب تک اقدامات کرے گی۔ آلودہ اور مضر صحت پانی استعمال کرنے کی وجہ سے مختلف امراض میں مبتلا ہونیوالے شہری سرکاری و نجی اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں۔ پریشان حال شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو ہمارا کوئی احساس نہیں، مسائل کے حل کے لئے بلند و بانگ دعوے کیے جارہے ہیں مگر عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال دن بدن خراب سے خراب تر ہوتی جارہی ہے، شہریوں کو فراہم کردہ پانی اس قدر گندا اور مضر صحت ہے کہ استعمال کے قابل بھی نہیں ہے لیکن لوگ خاص طور پر غریب اور پسماندہ علاقوں کے لوگ اس مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔شہریوں نے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی، انتظامیہ خاص طور پر میئر سکھر سے مطالبہ کیا کہ شہریوں کوپینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں جن علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران ہے ان علاقوں میں متبادل ذرائع سے پانی فراہم کیا جائے تاکہ شدید گرمی میں لوگوں کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ شہریوں نے خاص طور پرمیئرسکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے کہا کہ وہ اپنی حکومت سے بات کریں اور فوری طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں پینے کے صاف پانی کے فلٹر پلانٹ لگائے جائیں تاکہ جلد از جلد لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو ۔ روہڑی۔میں پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن پھٹنے کے باعث روہڑی شہر میں پینے کا پانی کا بحران گزشتہ پانچ دنوں سے جاری، عوام پریشان، میونسپل انتظامیہ کی جانب سے پائپ لائن کی مرمت کاکام جاری جلد پانی فراہم کرنے کی کوشش جاری ہے تفصیلات کے مطابق روہڑی کے علاقے ٹکر محلہ عید گاہ پر قائم واٹر سپلائی سے شہر کو پانی فراہم کرنے والی پائپ لائن کندھرا ناکہ سی این جی اسٹیشن کے قریب پھٹنے کی وجہ سے شہرکے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران جاری ہے جسکی وجہ سے شہری پریشانی میں مبتلا ہیں اور دور دراز علاقوں سے پانی لاکر استعمال کرنے پر مجبور ہیں اس ضمن میں میونسپل انتظامیہ نے بتا یا کہ زیر زمین پائپ لائن تقریبا 7 فٹ نیچے ہونے کی وجہ سے مرمت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے پائپ لائن کی مرمت کرکے پانی کی فر اہمی شروع کی گئی تو پائپ لائن دوبارہ پھٹ گئی جسکی مرمت کے لیے عملہ مصروف عمل ہے جلد شہریوں کو پانی کی فراہمی شروع کردی جائے گی خبر بھیجنے تک پانی کی فراہمی شروع نہیں ہوسکی تھی ۔