صوابی( نمائندہ جنگ)جے یو آئی صوبہ خیبر پختونخوا کے نائب اور ضلع صوابی کے امیر مولانا عطاء الحق درویش نے وزیر اعلی پرویز خٹک کے دورہ کلابٹ صوابی کو مایوس کن اور ناکام ترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے چیف ایگزیکٹو نے صوابی کی ترقی کے لئے کسی قسم کے چھوٹے بڑے میگا پراجیکٹ کا اعلان نہیں کیا بلکہ پُرانے اعلانات پر صوابی کے باشعور عوام کو ٹر خایا صوابی کے نڈر عوام سیاسی طور پر بیدار ہیں اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کا بسترا گول کر دینگے‘پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی نے جلسہ کلابٹ میں تعلیم ،صحت اور دیگر شعبوں میں ترقی کاجو ذکر کیاہے وہ سب جھوٹ کا پلندہ ہے کیونکہ صوبے کے سر کاری ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں عوام کو کسی قسم کا ریلیف نہیں مل رہا صوابی کے بڑے چھوٹے ہسپتالوں میں صوبائی وزیر صحت کاتعلق صوابی سے ہوتے ہوئے بھی طبی سہولیات کا فقدان ہے۔