لاہور،فیصل آباد(نمائندہ خصوصی، نمائندہ جنگ،سٹاف رپورٹر ،مانیٹر نگ سیل)پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صوبائی صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں نیوز لیکس کو بھول کر پاناما لیکس کے معاملہ پر قائم جے آئی ٹی پر توجہ مرکوز کریں۔ نواز شریف اور شہباز شریف جھوٹ بولتے ہیں ، 2018 ء میں جو بجلی ہے وہ بھی غائب ہو جائے گی۔ ان کے دور اقتدار میں ایک کام بھی ایسا نہیں ہوا جس کا مقابلہ ہمارے دور کے منصوبوں سے کیا جا سکے ۔ جنگلہ بس سروس، اورنج ٹرین منصوبے پنجاب کی تباہی ہیں۔ ورلڈ بنک نے بھی کہہ دیا کہ صوبے کا 62 فیصد پیسہ اورنج لائن پر لگا دیا۔ اقتدارمیں آکر کسانوں کو فری بجلی اور غریبوں کو فری مکان بناکر دیں گے۔ کالاباغ ڈیم بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ روڈ پر مقامی ہال میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں کیا۔ کارکنوں کی بڑی تعداد کنونشن میں شریک تھی۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین، بشارت چیمہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی چار سالہ ناقص کارکردگی سب کے سامنے ہے ، ہندوستان تو دشمن ملک ہے مگر دونوں ہمسایہ ممالک سے بھی تعلقات کا بگاڑ عروج پر ہے۔ شہبا ز شریف کے کام ہی نرالے ہیں ، بہاولپور سولر پاور پلانٹ کو بیچ رہے ہیں۔ نندی پور کے گاہک ڈھونڈ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں ہمارے قائم کردہ چلڈرن اور کارڈیالوجی ہسپتالوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کر رکھا ہے ۔ گورنمنٹ کی زمین پر آشیانہ سکیمیں بنا کر پیسے کمائے ۔ اقتدار میں آئے تو انہی آشیانہ سکیموں میں غریبوں کو مفت گھر دیں گے۔ پورے صوبہ میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال خراب ہے ۔پرویز الہٰی نے سوال کیا کہ سستے تندور، آشیانہ، سستی روٹی سکیم آج کدھر ہیں؟۔ ہمارے دور میں فیکٹریاں چل رہی تھیں آج بند ہیں، نون لیگ کا ایک وزیر سانحہ ماڈل ٹاؤن کا سرغنہ ہے، وہ فیصل آباد کو تحفے میں ملا ہے۔ پرویز الہٰی نے شہباز حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ میرے ترقیاتی کام شہباز شریف دور سے زیادہ تھے۔ یہ لوگ صرف ڈالر بنانے اور کرپشن کرنے آئے ہیں ۔ان کے وزیروں کے پاس چپڑاسی برابر بھی اختیارات نہیں ، شہباز شریف مینٹل ہیلتھ اتھارٹی بنا رہے ہیں انہیں وہاں سے خود اپنا علاج کروانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں مریضوں کیلئے بیڈ ہیں نہ ہی ادویات ، یہ لوگ ہیلتھ کارڈ بنا رہے ہیں ، ڈاکٹر نہیں ہوں گے تو لوگ ہیلتھ کارڈ لے کر کیا کریں گے۔ پنجاب حکومت ہیلتھ کارڈ کی بجائے ہسپتالوں میں ادویات کا بحران ختم کرئے ۔ بعد ازاں چوہدری پرویز الہیٰ نے جڑانوالہ روڈ پر چوہدری ظہیر الدین کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنما وں سے ملاقات کی ۔