کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ اسمبلی نے پیر کو سکھر آئی بی اے یونیورسٹی بل 2017 ء کو معمولی ترامیم کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کر لیا جبکہ وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈیزز بل 2017 کو متعارف کرا دیا گیا ، جس پر غور ایوان کی آئندہ کارروائی کے دوران ہو گا ۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور نثار کھوڑو نے آئی بی اے سکھر یونیورسٹی سے متعلق بل پہلے ایوان میں متعارف کرایا ۔ بعد میں اس کے اغراض و مقاصد بیان کیے ۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ آئی بی اے سکھر پہلے کراچی کے آئی بی اے کے ساتھ منسلک تھا بعد ازاں اس نے ترقی کرکے خود ایک مکمل ادارے کی شکل اختیار کر لی۔ یہ سکھر میں اعلیٰ تعلیم کا ایک شاہکار ادارہ ہے۔ اس ادارے کو اب یونیورسٹی کا درجہ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے اور نوجوان مستقبل میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کر سکیں گے۔ بل کی منظوری سے قبل ایم کیو ایم کی سمیتا افضال نے معمولی ترامیم پیش کیں ، جسے منظور کر لیا گیا اور ایوان نے متفقہ طور پر بل کی منظوری دے دی۔