شیخوپورہ ( نمائندہ جنگ سے) مسلم لیگ ن کے ارکان ضلع کونسل نے پی ٹی آئی اور آزاد ارکان کے ہمراہ چیئرمین ضلع کونسل رانا احمد عتیق انور کے خلاف ان کے دفتر اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ،مظاہرین میں شریک ارکان ضلع کونسل نے چیئر مین ضلع کونسل کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے چیئر مین کے خلاف نعرے بازی کی اور الزام عائد کیا کہ چیئرمین ضلع کونسل نے ضلع کونسل کے ترقیاتی اور غیر ترقیاتی 26 کروڑ روپے ہڑپ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ، ضلع کونسل کی تزئین و آرائش ، فرنیچر کی ریپئرنگ، اسٹیشنری کی خریداری کے نام پر 13 کروڑ روپے خرد برد کئے جا رہے ہیں اور باقی 13 کروڑ روپے ضلع کونسل کے 125 ارکان میں سے صرف 25 ارکان کو ترقیاتی فنڈز دینے کا نام دے کر انہیں بھی ہضم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ڈپٹی کمشنر کے نمائندے نے مظاہرین سے کمیٹی روم میں مذاکرات کئے جس کی ناکامی کے بعد ارکان ضلع کونسل نے چیئرمین ضلع کونسل کے دفتر کے باہر جا کر ان کے خلاف نعرے بازی کی ، نواز لیگ کے ارکان ضلع کونسل نے کہا کہ اگر وزیر اعلی پنجاب نے چیئر مین ضلع کونسل کے ناروا سلوک کا نوٹس نہ لیا تو ہم راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے، چیئرمین ضلع کونسل ہمیں مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں ۔