• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
قائداعظم پیپرز پراجیکٹ کے بانی، عظیم محقق اور مورخ سید زوار حسین زیدی لاہور کے ایک ہسپتال میں انتقال کرگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون! انتقال کے وقت آپ کی عمر 81برس تھی۔ ڈاکٹر زوار زیدی نے اپنی ساری زندگی تعلیم و تعلم میں بسر کی۔ آپ نے پنجاب یونیورسٹی سمیت بعض دوسری عالمی شہرت کی حامل درس گاہوں میں تدریس کے فرائض بھی انجام دیئے اور 20 سے زیادہ قیمتی کتابیں بھی تصنیف کیں۔ لیکن پاکستان اور اہل پاکستان کے لئے ان کی سب سے یادگار خدمت قائداعظم پیپرز کے حوالے سے ان کا وہ تحقیقی کام ہے جس کے پائے کی کوئی دوسری کوشش منظرعام پر نہیں آسکی۔ ڈاکٹر صاحب مرحوم کی یہ قومی خدمت ہمیشہ تشکر اور استحسان کی نظر سے دیکھی جائے گی اور پاکستان اور بانی پاکستان کے حوالے سے کام کرنے والوں کے لئے بیحد قیمتی متاع ثابت ہوگی۔ خداوند قدوس کی بارگاہ میں دعا ہے کہ وہ مرحوم کو اپنی بے پایاں رحمتوں کے سائے میں رکھے اور ان کے ارادت مندوں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
تازہ ترین