• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو ای ٹی اور خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ میں معاہدہ

پشاور(خبرنگار خصوصی)انجینئر نگ یونیورسٹی پشاور اورخیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ نے مفاہمت کی ایک یا داشت پر دستخط کردیئے،جس کے تحت یو ای ٹی میں جدید طرزکی ایک ٹیکنیکل ریسرچ لیبارٹری قائم کی جائیگی ۔معاہدے پر دستخط کے پی او جی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رضی الدین رضی اور یو ای ٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نورمحمد نے کئے ۔اس موقع پر دونوں اداروں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔چیف ایگزیکٹو آفیسرکے پی او جی سی ایل کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا تیل اور گیس جیسی معدنیات سے مالا ما ل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان ذخائر کیلئے نہ صرف ٹیکنیکل بلکہ انسانی وسائل کو بھر پور انداز میں بروئے کار لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس لیبارٹری کے قیام کا مقصد خیبر پختونخوا میں پٹرولیم انڈسٹری کی ضروریات اور تر جیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے لایا گیا ہے تاکہ اعلیٰ اور معیاری تحقیق کو فروغ دے کر متعلقہ مسائل پر قابو پاتے ہوئے صوبے کو پٹرولیم کے شعبے میں آگے لے جایا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یو ای ٹی میں اس شعبے سے تعلق رکھنے والے پروفیسرز اور ما ہرین کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھایا جائیگا۔ وائس چانسلریو ای ٹی نے شرکا ءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھاکہ یہ لیبارٹری دونوں اداروں کے زیر اہتمام کام کرے گی، یہ نہ صرف صوبے کی اکیڈیمیا ،انڈسٹری اور حکو مت کا امتزاج ہے بلکہ اس کے ذریعے بین الاقوامی اداروں سے روابط بڑ ھانے میں بھی مدد ملے گی۔
تازہ ترین