بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) گرلز پرائمری سکول ٹبی فاروق آباد فنکشنل نہ ہو سکا، لوگوں نے جانور باندھنا شروع کردئیےتفصیلات کے مطابق کارپوریشن کی حدود بستی ٹبی فاروق آباد چک نمبر 5بی سی میں 1983ء میں گرلز پرائمری سکول کی بلڈنگ تعمیر کی گئی جس کا رقبہ 2کنال بتایاجاتاہے،سکول کی چاردیواری تعمیر نہ کی گئی اور تعمیر کے بعد سکول کوتاحال محکمہ بلڈنگ نے محکمہ ایجوکیشن کے سپرد نہیں کیا، جبکہ کسی بھی ایم این اے،ایم پی اے کی جانب سے اس بلڈنگ کانہ ہی افتتاح کیاگیا اورنہ ہی اس بلڈنگ میں سکول کوفنکشنل کرنے کیلئے کوئی اقدامات اٹھائے گئے ،جس کی بنا پراب اس سکول میں مقامی لوگوں نے جانور باندھناشروع کردئیے ہیں ،جبکہ اس کے خالی پلاٹ میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ چک 5بی سی ڈھائی سو سے 300گھرانوں پر مشتمل ہے، جس میں 2ہزار سے زائد لوگ رہائش پذیر ہیں۔ حکومت کی جانب سے سکول فنکشنل نہ کرنے پرمایوس ہوکر مقامی آبادی کے لوگوں نے اپنی مد دآپ کے تحت اسی سکول میں بچوں کی تعلیم شروع کرادی اوردوفی میل ٹیچرز بھی مقررکردی گئیں۔ تاہم عرصہ 4سال سے متذکرہ سکول نیشنل کمیشن فارہیومن ڈویلپمنٹ این جی او نے لے لیاہے، تاہم سکول میں بچوں کے پینے کے صاف پانی کاکوئی انتظام نہیں اورنہ ہی بچوں اور سٹاف کیلئے فرنیچر موجود ہے، بچے آج بھی بہاولپورسٹی کارپوریشن کے علاقے میں واقع اس سکول میں ٹاٹوں پربیٹھ کرپڑھ رہے ہیں۔ اس حوالے سے سپیشل برانچ نے بھی تفصیلی رپورٹ اعلیٰ حکام کوبھجواد ی ہے ،جس میں اس سکول کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی فوری اقدامات اٹھانے کی سفارش کی گئی ہے۔ مکینوں نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔