کوئٹہ (نمائندہ جنگ)بلوچستان کے علاقے تربت میں پیدل خریداری کیلئے جانے والے ایف ڈبلیو او کے مزدوروں پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کےتین مزدوروں کوقتل کردیاجبکہ ایک زخمی ہو گیا‘فائرنگ سےبازار میں بھگدڑ مچ گئی‘مکران ڈویژن میں سات روز میں 13مزدور شہید اور دو زخمی ہو چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کو گوادرسے ملانے والی شاہراہ ریشم پر جمعہ کو پھردہشت گردی کا واقعہ پیش آیاہے‘لیویز ذرائع کے مطابق تربت کے علاقے ہوشاب میں ایف ڈبلیو او کے چار مزدور چھٹی کے باعث جمعہ کو اپنے کیمپ سے اشیائے خوردنی کی خریداری کیلئے بازار جا رہے تھے کہ ایک موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جسے کے نتیجے ایک مزدور غلام عباس موقع پر ہی شہید جبکہ اس کے ساتھی نادر ، طاہراور ساول شدید زخمی ہو گئے‘واقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز اور لیویز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاش اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جہاں نادر اور طاہر بھی دم توڑ گئے‘ لیویز ذرائع کے مطابق مقتولین کا تعلق پنجاب کے علاقے رحیم یار خان سے تھا ضروری کارروائی کے بعد میتیں آبائی علاقے روانہ کر دی گئیں۔