• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے منتخب نمائندوں اور محکمہ صحت کے حکام کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے اپنے خطاب میں صوبے کو جعلی اور غیر معیاری ادویات سے سو فیصد پاک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی استعداد کار بڑھانے کے لئے کی جانے والی اصلاحات قابل ستائش ہیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے ادارے کی کور کیپیسٹی بڑھانے کے لئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیں اور اسی طرز پر تمام اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ کے یہ اقدامات بلاشبہ قابل ستائش اور حوصلہ افزا ہیں لیکن اس کے سو فیصد نتائج اسی صورت میں حاصل ہوں گے جب محکمہ صحت کی تمام تر مشینری خلوص نیت سے متحرک ہو گی۔ ا س سے وزیراعلیٰ کا بہترین، باصلاحیت اور پروفیشنل افرادی قوت کو آگے لانے کا عزم فارغ اتحصیل نوجوانوں کو آگے بڑھنے میں مدد دے گا۔ اس وقت پنجاب ہی نہیں، ملک بھر میں پرائمری ہیلتھ کیئر کا کوئی پرسان حال نہیں۔ سفارش اور اقربا پروری کی بنیادپر دوسرے محکموں کی طرح پرائمری صحت کے شعبے میں بھی نااہل، کام چور اور کرپٹ افراد کی کثرت ہے۔ اکثر دیہی مراکز صحت میں چار دیواری تک نہیں، اور عملہ گھر بیٹھے تنخواہ لیتاہے جبکہ شہروں میں سرکاری اسپتالوں سے لیکر پرائیویٹ کلینکس تک ہر جگہ مریضوں کا سب سے زیادہ رش او پی ڈی میں ہوتا ہے۔ دیہی لوگ گرمی، سردی ہر مشکل میں دور دراز کا سفر کر کے شہروں کے سرکاری اسپتالوں میں پہنچتے ہیں تو وہاں دھکے کھانے کے سوا کچھ نہیں ملتا۔ حکومت پنجاب سرکاری اسپتالوں میں تعمیر و توسیع کے لئے جو بھی اقدامات کررہی ہے یہ اچھی بات ہے لیکن او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو پرائیویٹ اسپتالوں جیسی سہولتیں فراہم کرنا اور ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا دکھی انسانیت کی خدمت ہے ا ور دوسرے صوبوں کو بھی اس کی تقلید کرنی چاہئے۔

.
تازہ ترین