• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب، خیبرپختونخوا اسمبلیاں، 128 ارکان کے علاج پر 5 کروڑ 30 لاکھ سے زائد اخراجات

اسلام آباد (فخر درانی)پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے ارکان پارلیمنٹ نے گزشتہ دو ادوار یعنی 2008سے 2013 اور 2013 سے تاحال اپنے علاج پر پانچ کروڑ 33 لاکھ روپے خرچ کیے ہیں۔ پنجاب کے 80 ارکان پارلیمنٹ نے دو کروڑ 98 لاکھ 30 ہزار روپے جبکہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے 48 ارکان پارلیمنٹ نے اسی عرصے میں دو کروڑ 34 لاکھ 7 ہزار روپے خرچ کیے۔ یہ مصدقہ اطلاع دونوں صوبائی اسمبلیوں کی جانب سے آر ٹی آئی ایکٹ 2013 کے تحت فراہم کی گئی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عوام کی رقم سے علاج کی سہولت حاصل کرنے والوں میں ’’کے پی کے‘‘ کی سابقہ اسمبلی اور موجود اسمبلی کے کچھ بڑے نام بھی شامل ہیں۔ قابل ذکر افراد میں وزیراعلی پرویز خٹک، سابق وزیراعلی پیر محمد صابر شاہ، شوکت یوسف زئی اور قلندر خان لودھی شامل ہیں جو اس وقت خوراک کے صوبائی وزیر ہیں۔ اسی طرح پنجاب اسمبلی کے قابل ذکر افراد میں مائزہ حمید، ثمینہ خاور حیات، محسن لطیف، محسن خان لغاری، ضیااللہ شاہ،راجہ راشد حفیظ اور دیگر کئی شامل ہیں۔ 2008 سے 2013 کے دوران پنجاب اسمبلی کے 54 ارکان پارلیمنٹ  نے علاج کے اخراجات وصول کیے جن میں 16 خواتین ارکان پارلیمنٹ بھی شامل تھیں۔ اس عرصے کے دوران تین خواتین جنہوں نے سب سے زیادہ علاج کے اخراجات وصول کیے ان میں ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے 9 لاکھ 48 ہزار 912 روپے، مائزہ حمید نے 4 لاکھ 36 ہزار 949 روپے اور ثمینہ خاور حیات نے چار لاکھ 22 ہزار 191 روپے علاج کے خرچ کی مد میں وصول کیے تھے۔ اسی طرح تین مرد پارلیمنٹرین جنہوں نے زیادہ سے زیادہ طبی اخراجات وصول کیے ان میں سید محمد رفیع الدین بخاری پی پی 210،نے 47 لاکھ 90 ہزار روپے، پی پی 22 کے خرم نواب نے 38 لاکھ 10 ہزار اور پی پی 10 کے ملک افتخار احمد نے 19 لاکھ 70 ہزار روپے کے طبی اخراجات وصول کیے۔ خیبرپختونخوا اسمبلی کے چار ارکان جنہوں نے سب سے زیادہ طبی اخراجات وصول کیے ان میں پی کے 87 کے محمد زبیر خان نے 48 لاکھ 50 ہزار روپے، پی کے 96 کے محمد زمین خان 30 لاکھ 70 ہزر روپے، سابق وزیراعلی سید محمد صابر شاہ نے دس لاکھ دس ہزار روپے اور موجودہ وزیر برائے خوراک قلندر خان لودھی نے 8 لاکھ 89 ہزار 823 روپے کے طبی اخراجات وصول کیے۔ اسی طرح وزیراعلی پرویز خٹک نے دو لاکھ 67 ہزار 716 روپے اور شوکت علی یوسف زئی نے 14 ہزار 141 روپے کے طبی اخراجات وصول کیے۔
تازہ ترین