• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن ،عمران خان کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

Pti Funding Case Ecp Rejects Imrans Plea To Indefinitely Postpone Case
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی نا اہلی سے متعلق درخواست کی سماعت غیرمعینہ مدت تک کے لئے ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی اور ان سے درخواست پر 7 جون تک جواب طلب کر لیا،الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ عمران خان کاجواب آنے کے بعدہی سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے پر فیصلہ کیا جائے گا۔

ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کے لئے فنڈز لینے اور الیکشن کمیشن کے سامنے جھوٹا سرٹیفیکیٹ جمع کرانے کے الزام پر عمران خان کی نااہلی کے لئے درخواست پر سماعت ، چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے سماعت کی ۔

درخواست گزار ہاشم علی بھٹہ کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے 2010 سے 2015 تک کے جو پارٹی کے اثاثہ جات جمع کرائے تھے اس میں انہوں نے بیان دیا تھا کہ ہم نے کوئی بھی فنڈ نہیں لیا۔

عمران خان کے وکیل شرافت چوہدری نے جواب جمع نہیں کرایا اور سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دیتے ہوئے استدعا کی کہ عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ میں بھی حنیف عباسی کی جانب سے اسی نوعیت کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

چیف الیکشن کمشنرسردار رضاخان نے استفسار کیا کہ کیا آپ سپریم کورٹ میں جواب دے چکے ہیں آپ سے جو جواب مانگا ہے وہ جمع کرانے میں کیا حرج ہے؟

وکیل عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں انہی نکات پر دائر پٹیشن کا جواب دے چکے ہیں اور عمران خان نے 2010 سے 2015 تک کا سرٹیفکیٹ دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہم نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈز نہیں لئے۔

الیکشن کمیشن نے غیرمعینہ مدت تک سماعت ملتوی کرنے کی عمران خان کی درخواست مسترد کردی اور عمران خان کو 7 جون تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے جواب آنے کے بعد ہی سماعت کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کرنے سے متعلق فیصلہ کرے گا ۔
تازہ ترین