• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملکی سلامتی کیلئے بھارتی جاسوسوں کا راستہ روکنا ضروری ہے،سراج الحق

 پشاور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھارتی جاسوسوں کا راستہ روکنا ضروری ہے۔ اگر کل بھوشن کو نام نہاد عالمی عدالت کی خواہش پر چھوڑ دیا گیا تو ملکی سلامتی خطرات میں گھر ی رہے گی ۔پاکستان ایک آزاد وخودمختار ملک ہے ،ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کی ضرورت ہے ۔ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مسلمانوں کے قتل عام پر ستر سال سے گونگی بہری اور اندھی بنی ہوئی ہے اور ایک بھارتی جاسوس کے لیے جاگ اٹھی ہے،ملاکنڈ اور دیر کی ترقی کیلئے میگاپراجیکٹ منصوبوں پر کام جاری ہے،ملاکنڈ کے عوام کو بہت جلد تاجکستان اور دیگر ریاستوں تک تجارت کیلئے ایک روٹ ملے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لوئر دیر میں گرڈ اسٹیشن اور جندول میں سڑک کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے آئے روز اپنے تخریب کار بھیجتا رہتاہے ۔ کل بھوشن کی گرفتاری کو حکومت اور ادارے بڑی کامیابی قرار دے رہے تھے مگر اقوام متحدہ جو مسلمانوں کے معاملے میں ہمیشہ سوتی رہتی ہے ، کی ایک نام نہاد عدالت کے حکم پر پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والے دشمن کے جاسوس کو چھوڑ ا نہیں جاسکتا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلبھوشن کو فوری طور پر پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھارتی جاسوس کو بارڈر کراس کرنے کی جرأت نہ ہو ۔
تازہ ترین