ملتان (نمائندہ جنگ) پی آئی اے کے جہاز میں آگ لگ گئی ، ملتان ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ ، تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پشاور سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 353 کے کچن میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے جہاز کے اندر دھواں پھیل گیا ، اس دوران مسافروں نے چیخ و پکار شروع کر دی۔ مسافروں کے مطابق جہاز کے پائلٹ نے تسلی کرائی کہ جہاز مکمل طور پر ٹھیک ہے ، کچن میں شارٹ سرکٹ کے باعث دھواں نکل رہا ہے ۔پائلٹ نے ملتان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کر دی ۔ ہنگامی لینڈنگ کے بعد مسافروں کا بحفاظت جہاز سے باہر نکال لیا گیا ۔علاوہ ازیں سول ایوی ایشن حکام نے جہاز کو فلائٹ سے روک دیا اور اپنی موجودگی میں جہاز کے کچن کے سامان کو تبدیل کرانے کے بعد جہاز کو اڑانے کی اجازت دی گئی ۔ اس ضمن میں پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جہاز کے کچن میں موجود اوون سے دھواں نکلا جسے اسی وقت بجھا دیا گیا ۔ جہازسے نیا سامان ایڈجسٹ کرکے فلائٹ کراچی روانہ کر دی گئی ۔ واضح رہے کہ جہاز میں 116مسافر سوار تھے ۔