• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع راولپنڈی میں جاری ترقیاتی سکیمیں جلدمکمل کی جائیں، ملک ابرار

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) ضلع راولپنڈی میں جاری ترقیاتی سکیموں کوسیکٹر وائز جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ ان سکیموں کے مکمل ہونے کے بعد عوام کو بنیادی سہولیات میسر آ سکیں ۔ راولپنڈی کینٹ میں 9 ڈسپنسریز کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جو 30 جون تک مکمل ہوجائیں گی جس سے عوام کو صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔ ٹیوب ویلزاور واٹر سپلائی کی پائپ لائنوں پر جاری کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہاررکن قومی اسمبلی ملک ابرار احمد نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ضلعی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں جاری ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ ضلع راولپنڈی میں 9 ڈگری کالج تعمیر کیے جارہے ہیں جو آئندہ مالی سال میں مکمل ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ فیز ون میں جاری سڑکوں او ر گلیوں کی تعمیرات کا کام جون تک ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال میں وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ہریونین کونسل میں طلباو طالبات کے لیے الگ الگ سکولز قائم کیے جائیں گے جس پر فوری عملدرآمد ہوچکا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار احمد وارثی نے کہا کہ وزیر اعلی نے چنگا بنگیال گوجر خان میں کالج کی منظوری دے دی ہے جس پر جلد کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی جلد دولتالہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر طلعت محمود گوندل نے کہا کہ اسلام پورہ جبر میں ڈسپنسری کا کام جاری ہے تاکہ دیہات میں بسنے والے لوگوں کو صحت کی بنیادی سہولیات میسر آسکیں ۔
تازہ ترین