ٹھٹھہ(نامہ نگار) ایک ہفتہ قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ ٹھٹھہ میں زیر سماعت قتل کے مقدمہ کی پیشی سے واپسی پر سید برادری کے مسلح ملزمان کی فائرنگ سے زخمی خان محمد بھٹی کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج رہنے کے بعد کو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، اس واقعے کے نتیجے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد چار ہوگئی ہے، جبکہ ایک زخمی اب بھی کراچی میں زیر علاج ہے، دریں اثنا متوفی کے ورثاء نے مکلی بائی پاس پر لاش رکھ کر کئی گھنٹوں تک دھرنا دیا، ٹائر نذر آتش کیے اور شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر عبداللہ بھٹی، محمد ابراہیم بھٹی، ، محمد عثمان بھٹی، محمد آچار بھٹی، رسول بخش بھٹی و دیگر مظاہرین نے بتایا کہ ہمارے چار افراد کا قتل ہوا ہے ایک شدید زخمی ہے لیکن پولیس نے صرف چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر نامزد ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں لیکن پولیس انہیں گرفتار نہیں کر رہی ہے انہوں نے آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں انصاف فراہم کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔