خیرپور (بیورو رپورٹ) گوٹھ زوار آباد کیریو میں اسکول کے سامنے کھڑے ہونے سے منع کرنے پر اوباش لڑکوں نے اسکول پر حملہ کر دیا۔ حملے میں اسکول ٹیچر اور طالب علم سمیت 3افراد زخمی، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار تفصیلات کے مطابق خیرپور کے گوٹھ زوار آباد کیریو میں اسکول کے سامنے کھڑے ہونے سے منع کرنے پر اوباش لڑکوں نے اسکول پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں ایک اسکول ٹیچر کاظم راضا کیریو پانچویں جماعت کا طالب علم نزاکت علی ببر اور نائب قاصد صداقت علی زخمی ہوگئے حملہ آوروں نے اسکول میں داخل ہوکر اخاتون اساتذہ اور طالبات کے ساتھ بد اخلاقی کی بعد ازاں ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اسکول پر حملے کے خلاف اسکول ٹیچرز ،خواتین اساتذہ اور طالبات نے احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرے میں دیہاتی بھی شامل تھے۔ مظاہرین اسکول پر حملے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرے کے قائدین سکندر علی کیریو ،نادر علی ،مختار حسین ،محمد الیاس ،اشفاق لہرانی ،جاوید علی ببر ،مس رابعہ،امام زادی ،سیما ، شبانہ ،رخسانہ ،شمشاد اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسکول پر اوباش لڑکوں کا حملہ دہشت گردی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسکول پر حملے کی وجہ سے گاؤں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے حملہ آوروں کو گرفتار کر کے ان کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔