کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی والی بال ٹیم ورلڈ کپ والی بال ٹورنامنٹ میں رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ کرغزستان میں کھیلے گئے ورلڈ کپ رسائی رائونڈ میں پاکستان کی ٹیم اپنے دونوں میچوں میں ناکام رہی، پہلے میچ میں پاکستان کو کرغزستان کے خلاف شکست کا سامناکرنا پڑا جبکہ دوسرے میچ میں قازقستان کے خلاف خراب امپائرنگ کی وجہ سے قومی ٹیم ناکامی سے دوچار ہوگئی۔ پاکستان کی ٹیم دو سیٹ میں جیت رہی تھی تیسرے سیٹ میں اس نے برتری حاصل کر رکھی تھی کہ ریفری نے اس کے اسکور کئے گئے پوائنٹس کو مسترد کردیا جس پر پاکستان کے کھلاڑیوں نے احتجاج کیا، ناقص امپائرنگ پر پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نےورلڈ والی بال فیڈریشن کو پروٹسٹ داخل کردیا ہے۔ قازقستان کے خلاف میچ کا فیصلہ پانچ سیٹ پر ہوا، پاکستان کے ایرانی کوچ نے بھی امپائرنگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کے اس اہم ٹورنامنٹ میں امپائرنگ کا معیار اسکول اور کلب مقابلوں سے بھی گرا ہوا تھا۔ فیورٹ قازقستان کے خلاف ہماری ٹیم بہتر پوزیشن میں تھی مگر جانب دارانہ امپائرنگ کی وجہ سے ہم ایونٹ میں اپنا مزید سفر جاری نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹ میں دنیا کے بہترین امپائرز اور ریفری کا تقررہونا چاہئے تھا۔