• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرعی شعبے کی ترقی کیلئے تما م وسائل بروئے کار لار ہے ہیں، اسد قیصر

صوابی ( نمائندہ جنگ )سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت زرعی شعبے کی ترقی اور کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے تمام تروسائل بروئے کار لارہی ہے ،خیبر پختونخوا قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو بہتر انداز میں استعمال میں لاکر کثیر زرمبادلہ حاصل کیا جائے ،بدقسمتی سے ماضی میں زرعی شعبے کی ترقی پر خاطر خواہ توجہ نہ دینے سے صوبہ زرعی طور پرخود کفیل نہ ہو سکا اور معاشی طور پر بھی پسماندہ رہا موجودہ صوبائی حکومت روزاول سے توانائی کے متبادل ذرائع کو استعمال میں لاکر بہتر زرعی پیداوار حاصل کرنے میں کاشتکاروں کی بھر پورمددکر رہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 35ضلع صوابی میں موضع ٹھنڈ کوئی ،گاڑ منارہ ،رانا ڈھیری کی یونین کونسلوں میں محکمہ آبپاشی کے تحت سولر ٹیو ب ویلوں کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کیا، اس موقع پر ایکسین ایریگیشن صوابی فاروق خان ،سپیشل سیکرٹری ٹو سپیکرسید وقار شاہ ،پی ٹی آئی کے صدر رونق زمان اور ڈسٹرکٹ اور تحصیل ممبران کے علاوہ مقامی کاشتکار اور علاقہ عمائدین بھی کثیر تعداد میںموجودتھے ۔ قبل ازیں سپیکر اسد قیصر نے ٹھنڈ کوئی ،گاڑ منارہ ،رانا ڈھیری کی یونین کونسلوں میں سولرٹیوب ویل کنورژن کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔ اس موقع پر محکمہ آبپاشی کے حکام نے سپیکر کو منصوبے سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ آبپاشی صوبائی حکومت کے احکامات کے روشنی میں پسماندہ اوربارانی علاقوں میں بجلی کے ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کر رہی ہے ،حکام نے بتایا کہ شمسی توانائی پر منتقلی سے نہ صرف کم قیمت میں فصلوں کو پانی فراہم ہو سکے گا بلکہ شمسی ٹیوب ویل کی تنصیب پر بجلی کے مقابلے میںلاگت بھی کم آئے گی ۔
تازہ ترین